بھاری جرمانے :سی ٹی او اور دیگر فریقین سے جواب طلب
زیبرا کراسنگ ،لین وائلیشن پر 8 ہزار سے 10 ہزار جرمانہ کیا جارہا:درخواستگزار ہائیکورٹ سے بھاری جرمانوں کی وصولی کالعدم قرار دینے کی استدعا،سماعت ملتوی
لاہور(کورٹ رپورٹر )لاہور ہائیکورٹ نے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر بھاری جرمانوں کے خلاف دائر درخواست پر سی ٹی او اور سیف سٹی سمیت دیگر فریقین سے جواب طلب کرلیا۔ جسٹس فاروق حیدر نے جوڈیشل ایکٹوازم پینل کی درخواست پر سماعت کی۔درخواست گزار نے موقف اختیار کیا کہ زیبرا کراسنگ ،لین وائلیشن پر 8 ہزار سے 10 ہزارتک جرمانہ کیا جارہا ہے ،شہریوں کو فیئر ٹرائل کا حق نہیں دیا جارہا،شہریوں کو بھاری جرمانے بھیجے جارہے ہیں۔درخواست گزار نے استدعا کی کہ شہریوں سے بھاری جرمانوں کی وصولی کو کالعدم قرار دیا جائے ، عدالت نے سماعت آئندہ ہفتے تک ملتوی کردی۔