سائبر کرائم کیسز میں پولیس کو براہ راست اختیار دیدیاگیا
سوشل میڈیا ہراسگی پر فوری مقدمات درج ، سی سی ڈی طرز پر نیا محکمہ بنے گا نئے اختیارات سے خواتین اور نوجوانوں کو بہتر تحفظ فراہم کیا جا سکے گا:حکام
لاہور (کرائم رپورٹر)سوشل میڈیا پر خواتین اور بچوں کی ہراسگی کیسز کے معاملے پر وزیراعلیٰ پنجاب نے بڑا فیصلہ کر لیا جسکے تحت سائبر کرائم کیسز کا اختیار پولیس کو دیدیا گیا ۔ سائبر کرائم کیسز میں پولیس کو کارروائی کا اختیار دینے کی اصولی منظوری دیدی گئی ہے جبکہ سائبر کرائم کی ڈیلنگ کیلئے سی سی ڈی طرز پر نیا محکمہ بنانے کی بھی منظوری دی گئی ہے۔
فیصلے کے تحت اب سوشل میڈیا پر ہراسگی کے مقدمات درج کیے جا سکیں گے اور پنجاب پولیس کو سائبر کرائم کیسز براہ راست ڈیل کرنے کی اجازت مل گئی ہے ۔پولیس حکام کے مطابق اس سے قبل پولیس کو سائبر کرائم مقدمات میں کارروائی سے روک دیا گیا تھا تاہم اب ہراسگی، بلیک میلنگ اور دیگر آن لائن جرائم پر فوری ایکشن ممکن ہوگا۔ آن لائن ہراسگی کا شکار افراد اب براہ راست پولیس سے رجوع کر سکیں گے ۔ ڈیجیٹل جرائم کی روک تھام کیلئے پولیس کو نئے اختیارات دیدیئے گئے ہیں، جس سے خصوصاً خواتین اور نوجوانوں کو بہتر تحفظ ملے گا۔