امریکا کی کسی نئی غلطی پر نیوی کا سرپرائز تیار ہے ، ایرانی عہدیدار کا انتباہ

تہران: (دنیا نیوز) ایران نے امریکا کو سخت انتباہ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ کسی بھی نئی ’غلطی‘ کی صورت میں بھرپور جواب دیا جائے گا۔

ایرانی عہدیدار محمد اکبرزادہ کے مطابق ایرانی نیوی ہر ممکن صورتحال سے نمٹنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہے، ان کا کہنا تھا کہ اگر امریکا کی جانب سے کوئی کارروائی کی گئی تو ایرانی بحریہ اپنی جدید عسکری صلاحیتوں کو بروئے کار لائے گی۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ سمارٹ ٹارگٹنگ اور دیگر جدید آپریشنز کے ذریعے دشمن کے بڑے بحری جہازوں کو تباہ کیا جا سکتا ہے۔

محمد اکبرزادہ نے مزید کہا کہ ’مجرم حکومت‘ کے جہازوں کو نشانہ بنا کر ناکارہ بنایا جائے گا اور ضرورت پڑنے پر انہیں آگ لگا دی جائے گی، ایران نہ صرف بحری محاذ پر بلکہ دیگر مزاحمتی محاذوں پر بھی اپنی تمام تر طاقت استعمال کرے گا۔

یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب خطے میں کشیدگی بڑھ رہی ہے، خصوصاً آبنائے ہرمز کے حوالے سے صورتحال حساس ہو چکی ہے، جو عالمی سطح پر تیل کی ترسیل کے لیے نہایت اہم گزرگاہ سمجھی جاتی ہے۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں