واشنگٹن میں شاہ چارلس کے استقبال کی تیاریوں کے دوران بڑی غلطی

واشنگٹن: (ویب ڈیسک) امریکہ کے دارالحکومت واشنگٹن میں اس وقت ایک عجیب و غریب صورتحال پیدا ہوگئی جب شاہ چارلس کے تاریخی دورے کی تیاریوں کے دوران پروٹوکول کی سنگین غلطی سامنے آئی۔ وائٹ ہاؤس کے قریب برطانوی ’یونین جیک‘ کے بجائے آسٹریلیا کے جھنڈے لہرا دیے گئے۔

برطانوی خبررساں ایجنسی رائٹرز کا کہنا ہے کہ امریکی محکمہ نقل و حمل (ڈی ڈی او ٹی) کے حکام کے مطابق، شاہ چارلس کے استقبال کے لیے کل 230 جھنڈے نصب کیے جا رہے تھے۔ تاہم، عملے کی غلطی کے باعث 15 آسٹریلوی پرچم بھی ان میں شامل ہوگئے تھے۔

ایک اعلیٰ عہدیدار نے میڈیا کو بتایا، شاہ چارلس آسٹریلیا کے بھی سربراہِ مملکت ضرور ہیں، لیکن یہ دورہ برطانیہ کے بادشاہ کی حیثیت سے ہو رہا ہے۔ جیسے ہی غلطی کی نشاندہی ہوئی، اسے فوری طور پر درست کر دیا گیا۔

یہ دورہ، جو امریکہ کی آزادی کے 250 سال مکمل ہونے کے موقع پر ہو رہا ہے، ان کے دورِ حکومت کا اب تک کا سب سے اہم غیر ملکی دورہ سمجھا جا رہا ہے۔

شاہ چارلس کا یہ دورہ محض ایک رسمی ملاقات نہیں ہے، بلکہ اس کے پیچھے گہرے سیاسی اور تاریخی مقاصد چھپے ہیں۔

اس کا مقصد امریکہ اور برطانیہ کے درمیان تعلقات کو مضبوط کرنا بھی ہے، جو حالیہ عالمی حالات کے باعث کچھ کشیدہ ہو گئے ہیں۔

مبصرین کا خیال ہے کہ بادشاہ کا یہ دورہ دونوں اتحادیوں کے درمیان جمی برف پگھلانے کی ایک اہم کوشش ثابت ہو سکتا ہے۔

اگرچہ آسٹریلیا اور برطانیہ کے جھنڈوں میں ’یونین جیک‘ کی موجودگی کی وجہ سے مماثلت پائی جاتی ہے، لیکن بین الاقوامی سفارت کاری میں اس طرح کی معمولی غلطی بھی شہ سرخیوں کا باعث بن جاتی ہے۔

خوش قسمتی سے، پیر کے روز شاہ چارلس کی آمد سے قبل تمام آسٹریلوی پرچم ہٹا کر وہاں برطانوی پرچم لہرا دیے گئے ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں