محبت کے نام پر 500 لڑکیوں کو بے وقوف بنا کر 2 کروڑ بٹورنے والا جعلی عاشق
نئی دہلی: (ویب ڈیسک) سیکڑوں لڑکیوں اور خواتین کو بیک وقت محبت کے جال میں پھنسانے والے عاشق مزاج بھارتی شہری کو آخرکار قانون نے اپنی گرفت میں لے لیا۔
غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق بھارت کی دہلی پولیس کی جانب سے گرفتار ملزم آنند پر الزام ہے کہ وہ مختلف شناختیں اختیار کرکے خواتین کو دھوکا دیتا رہا، کبھی وہ خود کو ڈاکٹر ظاہر کرتا، تو کبھی فلم پروڈیوسر، وکیل یا کامیاب بزنس مین بن کر بھی سامنے آتا۔
ملزم نے جعلی سوشل میڈیا اور ڈیٹنگ ایپس پر متعدد پروفائلز بنا رکھے تھے، جن کے ذریعے وہ سادہ لوح لڑکیوں سے رابطہ کرتا اور انہیں محبت اور شادی کے خواب دکھاتا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم نہایت چالاکی سے پہلے جذباتی تعلق قائم کرتا، پھر کسی نہ کسی بہانے جیسے میڈیکل ایمرجنسی یا کاروباری نقصان کا جواز بنا کر رقم طلب کرتا اور پیسے ملتے ہی غائب ہوجاتا، اس نے بعض متاثرہ خواتین کو ماڈلنگ یا معروف اداروں میں داخلے کے جھانسے بھی دیے اور یوں انہیں مالی نقصان پہنچایا۔
تحقیقات کے مطابق ملزم نے ایک یا دو نہیں بلکہ 500 سے زائد خواتین کو اپنا نشانہ بنایا اور ان سے مجموعی طور پر تقریباً 2 کروڑ روپے بٹور لیے، اس کا یہ منظم فراڈ اس وقت بے نقاب ہوا جب ایک متاثرہ لڑکی نے پولیس سے رجوع کیا، جس کے بعد کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کرلیا گیا۔