بھارتی عدالت کا جیکولین فرنینڈس سمیت دیگر پر فرد جرم عائد کرنےکا فیصلہ
ممبئی: (ویب ڈیسک) بھارتی عدالت نے 200 کروڑ روپے کے منی لانڈرنگ کے کیس میں بالی وڈ اداکارہ جیکولین فرنینڈس سمیت دیگر 15 افراد پر فرد جرم عائد کرنے کا فیصلہ کرلیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق عدالت نے جن افراد کے خلاف فرد جرم عائد کرنے کا فیصلہ کیا ہے ان میں منی لانڈرنگ کیس کے مرکزی ملزم سکیش چندر شیکھر، ان کی اہلیہ لینا ماریا پال، پنکی ایرانی، دیپک رمنانی سمیت دیگر شامل ہیں۔
نئی دہلی کی عدالت نے ریمارکس دیے کہ شواہد کی بنیاد پر تمام ملزمان کے خلاف منی لانڈرنگ کی روک تھام کے قانون کے تحت مقدمہ چلانے کے لیے بادی النظر میں کافی مواد موجود ہے، عدالت نے کیس کی مزید کارروائی کیلئے تمام ملزمان کو 3 جون کو طلب کر لیا۔
رپورٹ کے مطابق جیکولین فرنینڈس کا نام گزشتہ چند برسوں سے سکیش چندرشیکھر کے خلاف جاری منی لانڈرنگ تحقیقات میں سامنے آتا رہا ہے، انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ ای ڈی متعدد مرتبہ اداکارہ کو طلب کر کے پوچھ گچھ کر چکی ہے۔
تحقیقات کے مطابق سکیش چندر شیکھر پر الزام ہے کہ اس نے مختلف افراد سے کروڑوں روپے کی بھتہ خوری اور مالی فراڈ کے ذریعے رقم حاصل کی۔
بھارتی حکام کا الزام ہےکہ جیکولین فرنینڈس نے سکیش چندر شیکھر سے قیمتی تحائف اور مالی فوائد حاصل کیے تھے۔