پی آئی اے نے بعد از حج پروازوں کا آغاز کر دیا، پہلا قافلہ پاکستان واپس پہنچ گیا

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان انٹرنیشنل ائیرلائنز نے حج کے بعد کے فلائٹ آپریشن کا آغاز کر دیا ہے جس کے تحت پاکستانی حجاج کرام کا پہلا گروپ سعودی عرب سے وطن واپس پہنچ گیا ہے۔

پی آئی اے نے دسیوں ہزار زائرین کو واپس لانے کے لیے ایک ماہ طویل آپریشن شروع کیا ہے، اس آپریشن کے تحت پاکستانی حجاج کو سعودی شہروں جدہ اور مدینہ سے پاکستان کے مختلف شہروں میں منتقل کیا جا رہا ہے۔

ایئرلائن نے ایک بیان میں کہا کہ پی آئی اے نے اپنے بعد از حج آپریشن کا آغاز کر دیا ہے، اس آپریشن کے تحت حج کی پہلی پرواز زائرین کو لے کر وطن واپس پہنچ گئی ہے۔

ایئرلائن کے مطابق پرواز PK742 جدہ سے 114 مسافروں کو لے کر اسلام آباد پہنچی، جہاں اسلام آباد ایئرپورٹ کے چیف آپریٹنگ آفیسر آفتاب گیلانی اور دیگر حکام نے حجاج کرام کا استقبال کیا۔

پی آئی اے کا کہنا ہے کہ حج کی دوسری پرواز جدہ سے لاہور کے لیے روانہ ہونا تھی جب کہ کراچی کے لیے پہلی بعد از حج پرواز جدہ سے پہنچنے والی ہے، پی آئی اے کا بعد از حج آپریشن 30 مئی سے 30 جون تک جاری رہے گا۔

قومی ایئرلائن نے مزید کہا کہ وہ اس آپریشن کے دوران جدہ اور مدینہ سے اسلام آباد، لاہور، کراچی، فیصل آباد، ملتان، سیالکوٹ اور کوئٹہ کے لیے پروازیں چلائے گی۔

پی آئی اے کے مطابق اگلے ایک ماہ کے دوران مجموعی طور پر 213 پروازیں چلانے اور 53 ہزار سے زائد حجاج کرام کو واپس پاکستان منتقل کرنے کا منصوبہ ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں