اسلام آباد ایئرپورٹ پر پہلی حج پرواز کی واپسی
اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان ایوی ایشن اتھارٹی (پی اے اے) کے مطابق اسلام آباد ایئرپورٹ پر پہلی حج پرواز کی واپسی ہو گئی۔
پاکستان ایوی ایشن اتھارٹی کے مطابق پہلی حج پرواز PK-742 شام 7 بج کر 15 منٹ پر اسلام آباد ایئرپورٹ پہنچی۔
پی اے اے کے مطابق اسلام آباد ایئرپورٹ پر حجاج کی واپسی کا آغاز ہوا، 165 عازمینِ حج کو لے کر پہلی حج پرواز اسلام آباد ایئرپورٹ پر لینڈ کر گئی۔
واضح رہے کہ شیڈول کے مطابق حجاج کرام کی واپسی کا مرحلہ 30 جون تک جاری رہے گا۔
یکم جون کو 5 پروازیں اسلام آباد، 4 کراچی اور 4 ہی لاہور پہنچیں گی جبکہ ملتان اور سیالکوٹ میں 3، 3 پروازیں اتریں گی، فیصل آباد میں 2 اور کوئٹہ میں ایک حج پرواز کی آمد متوقع ہے۔
حج بعد ازآپریشن کے دوران سرکاری سکیم کے تحت فریضہ حج ادا کرنے والے ایک لاکھ 19 ہزار پاکستانی حجاج کرام کو مجموعی طور پر 471 پروازوں کے ذریعے وطن واپس لایا جائے گا، اس آپریشن میں پاکستان کی سرکاری، نجی اور سعودی ایئر لائنز حصہ لیں گی۔