پہلا ون ڈے: آسٹریلیا نے پاکستان کو جیت کیلئے 201 رنز کا ہدف دیدیا
راولپنڈی: (دنیا نیوز) پاک آسٹریلیا پہلا ون ڈے، آسٹریلیا نے پاکستان کو جیت کے لیے 201 رنز کا ہدف دے دیا۔
پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان تین ون ڈے میچز پر مشتمل سیریز کے پہلے میچ میں پاکستان کے کپتان شاہین آفریدی نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔
آسٹریلیا کی ٹیم 44.1 اوورز میں 200 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی، آسٹریلیا کی جانب سے میٹ رینشا 61 اور میتھیو شارٹ 55 رنز بنا کر نمایاں بلے باز رہے۔
آسٹریلوی الیکس کیری نے 19 ، کپتان جوش انگلس نے 13 ، نیتھن ایلس نے 8 اور اولیور پیک نے 7 رنز بنائے، آسٹریلیا کے 3 کھلاڑی کھاتہ ہی نہ کھول سکے۔
پاکستان کی جانب سے عرفات منہاس نے 5 وکٹیں حاصل کیں، ابرار احمد نے 2 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ شاہین شاہ آفریدی، حارث رؤف اور سلمان علی آغا نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔