سعودی عرب: القصيم سے عباسی دور کے 100 نایاب زیورات دریافت
ریاض: (دنیا نیوز) سعودی ہیریٹیج کمیشن نے مملکت کے علاقے القصيم میں آثارِ قدیمہ کی کھدائی کے دوران عباسی دور سے تعلق رکھنے والے تقریباً 100 نایاب سونے کے زیورات دریافت ہونے کا اعلان کیا ہے۔
عرب میڈیا رپورٹس کے مطابق دریافت ہونے والے زیورات میں سجاوٹ کا ایک مکمل سیٹ شامل ہے، جسے اس انداز میں تیار کیا گیا ہے کہ وہ پھولوں کی شکل اختیار کرتا دکھائی دیتا ہے، ان زیورات میں قیمتی اور رنگ برنگے نگینے بھی جڑے ہوئے ہیں، جو اس دور کی فنی مہارت اور جمالیاتی ذوق کی عکاسی کرتے ہیں۔
دریافت شدہ نوادرات میں ایک بڑے سائز کا گول زیور بھی شامل ہے، جس کے درمیان نہایت نفیس انداز میں مختلف رنگوں کے نگینے نصب کیے گئے ہیں، اس کے علاوہ کئی رنگوں پر مشتمل تسبیحات بھی ملی ہیں، جن میں سونے کے نازک مگر بڑے سائز کے سپیسرز استعمال کیے گئے ہیں۔
یہ نوادرات سعودی ہیریٹیج کمیشن کے چوتھے آثارِ قدیمہ سروے اور کھدائی منصوبے کے دوران الدرعیہ کے مقام سے دریافت ہوئے۔
سعودی ہیریٹیج کمیشن کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈاکٹر جاسر سلیمان الحربش کا کہنا ہے کہ الدرعیہ میں ہونے والی یہ اہم دریافت مملکت کے ثقافتی ورثے کی گہرائی اور تاریخی تنوع کا واضح ثبوت ہے۔