ٹائپنگ کے بجائے بول کر بھی جی میل کا استعمال ممکن

نیویارک: (ویب ڈیسک) گوگل کی مقبول ای میل سروس جی میل میں آرٹیفیشل انٹیلی جنس (اے آئی) ٹیکنالوجی کو شامل کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔

گوگل کی سالانہ ڈویلپر کانفرنس کے موقع پر کمپنی کی جانب سے جی میل کیلئے اے آئی ان باکس فیچر کا اعلان کیا گیا، یعنی اب آپ ٹائپنگ کی بجائے بول کر بھی جی میل کو استعمال کرسکتے ہیں۔

کمپنی نے بتایا کہ جیمنائی پر مبنی اس فیچر کو جی میل لائیو کا نام دیا گیا ہے اور اس سے آپ ان باکس میں موجود سیکڑوں ای میلز میں سے ضروری تفصیلات کو بہت تیزی سے ڈھونڈ سکتے ہیں۔

مثال کے طور پر آپ کو کسی پرواز کی تفصیلات کو دیکھنا ہے، ڈاکٹر سے اپائنمنٹ کا وقت یا کوئی بھی تفصیل دیکھنا چاہتے ہیں، تو ایسا چند منٹوں میں ممکن ہو جائے گا، ابھی اس کیلئے آپ کو سرچ باکس میں جا کر کی ورڈز کو ٹائپ کرنا ہوتا ہے یا ای میل ایڈریس یا ڈومین کو لکھنا ہوتا ہے تاکہ مطلوبہ تفصیلات کو سرچ کرسکیں۔

کمپنی کے مطابق جی میل لائیو کی جانب سے آپ کے آڈیو سوالات کا جواب دیا جائے گا اور فالو اپ سوالات بھی پوچھے جا سکیں گے تاہم جی میل لائیو کے باوجود روایتی جی میل سرچ کو ختم نہیں کیا جائے گا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں