ایونٹ میں بقا کی امیدیں برقرار، کروشیا نے پاناما کو 0-1 شکست دے دی

ٹورنٹو: (دنیا نیوز) فیفا ورلڈ کپ 2026ء کے گروپ ایل کے اہم مقابلے میں کروشیا نے پاناما کو 0-1 سے شکست دے کر ایونٹ میں اپنی بقا کی امیدیں روشن رکھیں، جبکہ پاناما ٹورنامنٹ سے باہر ہو گیا۔

ٹورنٹو سٹیڈیم میں کھیلے گئے سنسنی خیز میچ میں دونوں ٹیمیں ابتدائی منٹوں میں گول کرنے میں ناکام رہیں، پاناما نے چند خطرناک حملے کیے لیکن کروشیا کے دفاع اور گول کیپر ڈومینک لیواکووچ نے عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے تمام کوششیں ناکام بنا دیں۔

میچ کا واحد اور فیصلہ کن گول 54ویں منٹ میں اینٹے بودیمیر نے سکور کیا، مارکو پاسالیچ کی شاندار موو کے بعد یوشکو سٹانیشچ کی جانب سے دیے گئے کراس پر بودیمیر نے گیند جال میں پہنچا کر اپنی ٹیم کو برتری دلائی۔

کروشیا نے برتری کے بعد مزید مواقع بھی بنائے تاہم سکور میں اضافہ نہ ہو سکا، جبکہ پاناما بھرپور کوششوں کے باوجود گول کرنے میں ناکام رہا۔

اس فتح کے ساتھ کروشیا نے گروپ ایل میں اپنے اگلے مرحلے تک رسائی کے امکانات برقرار رکھے ہیں، جبکہ پاناما مسلسل دوسری شکست کے بعد عالمی کپ سے باہر ہو گیا ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں