ایم ایل-1 منصوبہ ریلوے نظام میں انقلابی تبدیلی لائے گا: احد چیمہ

اسلام آباد:( دنیا نیوز) وفاقی وزیر اقتصادی اُمور احد چیمہ نے کہا کہ ایم ایل-1 منصوبہ ریلوے نظام میں انقلابی تبدیلی لائے گا۔

وفاقی وزیر احد چیمہ کی زیرصدارت ایم ایل ون (کراچی تا روہڑی سیکشن) منصوبے کے حوالے سے اجلاس ہوا، جس میں ایشیائی ترقیاتی بینک کی کنٹری ڈائریکٹر ایما فین سمیت بینک اور متعلقہ وزارتوں کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

سیکرٹری اقتصادی امور حمیرکریم اور سیکرٹری ریلویز مظہر علی شاہ نے وفاقی وزیر کو ایم ایل ون پر عمل درآمد فریم ورک پر بریفنگ دی۔

اِس موقع پر احد چیمہ نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف رواں سال ایم ایل-1 منصوبے کی سنگِ بنیاد رکھنے کے خواہاں ہیں اور وزارتِ ریلوے کو اے ڈی بی کے ساتھ دستاویزی عمل تیز کرنے کی ہدایت کی ۔

اُن کا کہنا تھا کہ حکومت اور اے ڈی بی کے درمیان ایم ایل-1 منصوبے کی دستاویزات جلد مکمل کرنے پر اتفاق کیا گیا،حکومت آئندہ مالی سال میں ایم ایل-1 کے لیے اے ڈی بی فنڈنگ حاصل کرنے کو کوشش کرے گی۔

وفاقی وزیر اقتصادی اُمور نے کہا کہ ایم ایل-1 منصوبہ ریلوے اور مال برداری نظام میں انقلابی تبدیلی لائے گا، وزارت ریلوے کو ہدایت کی ہے کہ پلاننگ ڈویژن سے بھی موثر روابط قائم کرے تاکہ پی سی ون سمیت دیگر تقاضے پورے کئے جاسکیں۔

احد چیمہ کا کہنا تھا کہ ایم ایل ون میں کراچی تا روہڑی سیکشن پہلا مرحلہ ہے، انشاء اللہ پورا ایم ایل ون ٹریک مکمل کریں گے، کوشش ہوگی کہ موجودہ دور حکومت میں کراچی تا پشاور ایم ایل ون ٹریک پر مثبت پیشرفت ہو۔

اُنہوں نے کہا کہ ایم ایل ون سمیت دیگر منصوبوں میں تعاون پر ایشیائی ترقیاتی بینک کے مشکور ہیں، ایم ایل ون کے دیگر حصوں کو مکمل کرنے کے لئے ترقیاتی شراکت داروں سے رابطے میں ہیں۔

وفاقی وزیر اقتصادی اُمور کا کہنا تھا کہ حکومت شفافیت کے ساتھ منصوبے کو مؤثر انداز میں آگے بڑھانے اور تمام ضابطہ جاتی تقاضے مکمل کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ 

دوسری جانب اے ڈی بی کی کنٹری ڈائریکٹر ایما فین نے بتایا کہ بینک پی آر ایف کنسلٹنٹ سمیت دیگر کارروائیاں وقت سے پہلے مکمل کرنے کی پوری کوشش کرے گا، منصوبے کو آگے بڑھانے کے لیے اقتصادی اُمور ڈویژن اور وزارتِ ریلوے کی کوششوں قابل تعریف ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں