روس میں رواں سال 78 دہشتگرد حملے ناکام بنا دیے گئے: ایف ایس بی

ماسکو: (شاہد گھمن) روسی وفاقی سکیورٹی سروس ایف ایس بی نے کہا ہے کہ رواں سال کے آغاز سے اب تک روس میں دہشتگردی سے متعلق 101 جرائم کو ناکام بنایا گیا، جن میں 78 دہشتگرد حملے بھی شامل ہیں۔

تفصیلات کے مطابق ایف ایس بی کے پریس سروس نے اپنے بیان میں کہا کہ نیشنل اینٹی ٹیررازم کمیٹی کے اندازوں کے مطابق 2026 کے آغاز سے روس بھر میں متعدد دہشتگرد کارروائیوں کو بروقت کارروائی کے ذریعے روکا گیا۔

ایف ایس بی کے مطابق یوکرینی انٹیلی جنس ادارے روس کے خلاف دہشتگردی اور تخریب کاری کی کارروائیوں کے لیے انٹرنیٹ، سوشل میڈیا اور میسجنگ ایپس کے ذریعے افراد کو بھرتی کرنے کی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہیں۔

بیان میں کہا گیا کہ یوکرینی خفیہ ادارے خاص طور پر ٹیلیگرام اور واٹس ایپ جیسے پلیٹ فارمز استعمال کر کے ممکنہ افراد تک رسائی حاصل کر رہے ہیں۔

روسی سکیورٹی ادارے نے خبردار کیا کہ دشمن کی مدد کرنے والے تمام افراد کی شناخت کر کے انہیں قانون کے مطابق سزا دی جائے گی۔

ایف ایس بی نے کہا کہ روسی سکیورٹی ادارے ملک میں دہشتگردی اور تخریب کاری کے خطرات کو روکنے کے لیے مسلسل کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں