ماؤنٹ ایورسٹ پر ایک روز میں سب سے زیادہ سمٹ کا ریکارڈ قائم
کھٹمنڈو: (ویب ڈیسک) نیپال میں موسم سازگار ہوتے ہی ماؤنٹ ایورسٹ پر کوہ پیماؤں کا غیر معمولی رش دیکھنے میں آیا ہے جہاں 21 مئی کو 274 کوہ پیماؤں نے دنیا کی بلند ترین چوٹی کو سر کر کے ایک روز میں کامیاب سمٹ کا نیا ریکارڈ قائم کر دیا۔
ایورسٹ پر ایک روز میں کامیاب سمٹ کا اس سے قبل کا ریکارڈ 2019ء میں 223 کوہ پیماؤں نے بنایا تھا۔
رپورٹس کے مطابق نیپال نے رواں سیزن میں 500 کلائمبنگ پرمٹ جاری کیے تھے جس کے باعث 8 ہزار میٹر سے زائد بلند ’ڈیتھ زون‘ میں بھی کوہ پیماؤں کی طویل قطاریں دیکھی گئیں۔
دوسری جانب 56 سالہ کیمی ریتا شیرپا نے 32 ویں بار ماؤنٹ ایورسٹ سر کر کے اپنا ہی عالمی ریکارڈ مزید بہتر بنا لیا۔
اسی طرح 52 سالہ لکھپا شیرپا نے 11ویں بار ایورسٹ سر کر کے خواتین میں نیا ریکارڈ قائم کیا۔
ادھر دونوں ٹانگوں سے محروم روسی کوہ پیما رستم نبیئیف نے صرف ہاتھوں کے سہارے ماؤنٹ ایورسٹ سر کر کے دنیا بھر کی توجہ حاصل کر لی ہے۔