ماہرہ خان بھی سلمان خان کے حق میں بول پڑیں

کراچی: (ویب ڈیسک) پاکستانی سپر اسٹار ماہرہ خان بھی سلمان خان کے حق میں بول پڑیں، ہسپتال میں پیچھا کرنے پر پاپارازیوں کو آڑے ہاتھوں لے لیا۔

ماہرہ خان نے بالی ووڈ اداکار کی اس ویڈیو پر ردِعمل دیا ہے جس میں وہ ہسپتال کے باہر پاپارازی فوٹوگرافروں پر برہمی کا اظہار کرتے دکھائی دیے۔

یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب سلمان خان ممبئی کے ایک اسپتال میں کسی کی عیادت کے بعد باہر نکلے تو فوٹوگرافرز نے ان کا پیچھا شروع کر دیا اور مسلسل ان کی آنے والی فلم ماتر بھومی کا نام پکارتے رہے۔

ویڈیو میں سلمان خان واضح طور پر ناراض دکھائی دیے اور انہوں نے ہاتھ کے اشاروں سے پاپارازیوں سے سوال کیا کہ ہسپتال جیسے حساس مقام پر بھی کیمرے پیچھا کیوں کر رہے ہیں؟ انہوں نے اس رویے کو غیر حساس قرار دیا۔

ماہرہ خان نے اس ویڈیو کو اپنی انسٹاگرام اسٹوری پر شیئر کرتے ہوئے مختصر مگر دلچسپ انداز میں لکھا ہے کہ یار سللو۔

بعدازاں سلمان خان نے انسٹاگرام پر بھی اس معاملے پر ردعمل دیتے ہوئے میڈیا سے نجی زندگی کا احترام کرنے کی اپیل کی اور لکھا کہ تصویر زیادہ اہم ہے یا زندگی؟

سلمان خان نے کہا ہے کہ بعض اوقات ہر سوشل میڈیا پوسٹ کو بلاوجہ سنسنی خیز خبر بنا دیا جاتا ہے، حالانکہ انسان کو کبھی کبھار صرف اپنی ذات کے ساتھ وقت گزارنے کی ضرورت ہوتی ہے۔

چند روز قبل سلمان خان کی ایک تنہا تصویر بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی، جس کے بعد ان کی ذہنی کیفیت سے متعلق قیاس آرائیاں شروع ہو گئی تھیں، تاہم اداکار نے بعد میں وضاحت کی کہ وہ خود کو کبھی تنہا محسوس نہیں کرتے کیونکہ ان کے پاس خاندان، دوست اور مداحوں کی محبت موجود ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں