ترمیم شدہ کلپ کا غلط استعمال، آر مادھون نے ہیلتھ برانڈ کو قانونی نوٹس بھیج دیا

ممبئی: (ویب ڈیسک) بالی وڈ اداکار آر مادھون نے اپنے انٹرویو کے ترمیم شدہ کلپ کے غلط استعمال پر ہیلتھ برانڈ پر سخت تنقید کرتے ہوئے قانونی نوٹس بھجوا دیا۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق اداکار نے الزام لگایا کہ برانڈ نے وزن کم کرنے کے پروگراموں کی تشہیر کیلئے ان کی رضامندی کے بغیر یہ کلپ استعمال کیا، اداکار نے انٹرنیٹ پر گردش کرنے والے تشہیری مواد کا ایک سکرین شاٹ پوسٹ کیا اور برانڈ پر اس بات کیلئے تنقید کی کہ انہوں نے اسے اس طرح پیش کیا جیسے وہ ان کی خدمات کی توثیق کر رہے ہوں۔

خیال رہے کہ ہیلتھ برانڈ کی جانب سے شیئر کی گئی جس پوسٹ نے اداکار کی توجہ حاصل کی، وہ ان کے ایک پرانے انٹرویو کا ایک حصہ ہے جس میں وہ اپنی فٹنس عادات کے بارے میں بات کر رہے ہیں، مبینہ طور پر برانڈ نے اسے اپنے وزن کم کرنے کے پروگراموں کو فروغ دینے کیلئے استعمال کیا۔

اس پر اداکار مادھون نے لکھا کہ کتنی شرم کی بات ہے، یہ لوگ اور ادارے کیسے سوچ لیتے ہیں کہ وہ ایسا کر کے بچ نکلیں گے؟ آپ کسی کے انٹرویو کا کلپ لے کر اسے اپنی تشہیر کا حصہ نہیں بنا سکتے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں