سحر انگیز آواز سے دلوں کو گرمانے والے قوال امجد صابری کو دنیا چھوڑے 10 برس بیت گئے
کراچی: (دنیا نیوز) دلوں کو اپنی سحر انگیز آواز سے گرما دینے والے قوال امجد صابری کو ہم سے بچھڑے آج دس برس بیت گئے لیکن ان کی یادیں اور ان کا کلام آج بھی کروڑوں دلوں میں زندہ ہے۔
امجد صابری نے قوالی کے فن کو نئی نسل میں ایک منفرد اور جدید رنگ کے ساتھ متعارف کروایا، انہوں نے قوالی کو صرف گایا نہیں بلکہ اسے اپنے خون جگر سے جِلا بخشی، وہ تاجدارِ حرم پکارتے تو سننے والوں کی آنکھیں نم اور دل مدینہ ہو جاتے۔
بھر دو جھولی اور میرا کوئی نہیں ہے تیرے سوا جیسے کلام ان کی آواز میں آج بھی سماعتوں میں رس گھولتے ہیں۔
.jpg)
22 جون 2016ء کا تاریک دن پاکستان کی موسیقی اور قوالی کی تاریخ کا ایک بڑا سانحہ تھا، جب رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں کراچی میں انہیں ہم سے چھین لیا گیا۔
وہ کراچی کے علاقے لیاقت آباد میں ایک قاتلانہ حملے میں شہید ہوئے، انہیں موٹر سائیکل پر سوار دہشت گردوں نے نشانہ بنایا جس کے بعد انہیں شدید زخمی حالت میں عباسی شہید ہسپتال منتقل کیا گیا لیکن وہ جانبر نہ ہو سکے۔
امجد صابری اپنی فنی خدمات کے باعث عوام کے دلوں میں آج بھی زندہ ہیں۔