ہالی ووڈ اداکارہ ڈیوگ چیس 35 برس کی عمر میں انتقال کر گئیں
نیویارک: (ویب ڈیسک) ہالی ووڈ کی معروف اداکارہ اور سابق چائلڈ سٹار ڈیوگ چیس 35 برس کی عمر میں انتقال کر گئیں۔
بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق ڈیوگ چیس کا انتقال منگل کے روز ہوا، ان کے بوائے فرینڈ رائے ہرنینڈز کے مطابق اداکارہ کچھ عرصے سے شدید علالت کا شکار تھیں اور رواں ماہ کے آغاز میں انہیں لاس اینجلس کے ایک ہسپتال میں داخل کرایا گیا تھا، وہ گردن توڑ بخار اور خون میں انفیکشن کے باعث پیدا ہونے والی پیچیدگیوں کا سامنا کر رہی تھیں۔
ڈیوگ چیس نے کم عمری میں ہی شوبز انڈسٹری میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا، انہیں 2002 میں ریلیز ہونے والی مشہور اینی میٹڈ فلم لیلو اینڈ اسٹیچ میں مرکزی کردار لیلو کو آواز دینے کے بعد عالمی شہرت حاصل ہوئی، بعد ازاں انہوں نے اسی کردار کے لیے بنائی گئی ٹی وی سیریز اور دیگر منصوبوں میں بھی اپنی آواز فراہم کی۔
مداح اور شوبز شخصیات سوشل میڈیا پر ڈیوگ چیس کو خراجِ عقیدت پیش کر رہے ہیں اور ان کی فنی خدمات کو یاد کر رہے ہیں، جبکہ ان کے انتقال کو ہالی ووڈ کی تفریحی صنعت کے لیے ایک بڑا نقصان قرار دیا جا رہا ہے۔