نعمان اعجاز کا شوبز کی کمائی پر تنقید کرنے والے صارف کو جواب
لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان کے معروف اداکار نعمان اعجاز نے حال ہی میں شوبز کی کمائی کو حرام قرار دینے پر ہونے والی تنقید پر ردِعمل دیتے ہوئے ناقد کو اپنے رویے پر غور کرنے کا مشورہ دیا۔
نعمان اعجاز، جو اپنی بے باک آراء اور سماجی موضوعات پر کھل کر اظہارِ خیال کے لیے مشہور ہیں، نے حال ہی میں ایک یوٹیوب ویڈیو میں اپنے دوست کی جانب سے موصول ہونے والا ایک فکر انگیز پیغام شیئر کیا۔
انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے انسان کو اپنی تخلیق میں بہت سی چیزوں کی پہچان فطری طور پر عطا کی ہے، تاہم حلال اور حرام میں تمیز کا اختیار انسان کے ضمیر اور انتخاب پر چھوڑ دیا گیا ہے، اداکار نے سوال اٹھایا کہ اگر انسان حلال اور حرام میں فرق جانتا ہے تو پھر وہ حرام کاموں اور حرام روزی سے کیوں نہیں بچتا؟
نعمان اعجاز کی اس گفتگو کو سوشل میڈیا پر متعدد صارفین نے سراہا، تاہم ایک صارف نے ان سے سوال کیا کہ آیا شوبز سے حاصل ہونے والی ان کی اپنی کمائی حلال ہے یا حرام؟
صارف کے سوال کے جواب میں نعمان اعجاز نے مختصر مگر دو ٹوک انداز اختیار کرتے ہوئے کہا، "آپ کی سوچ ایک مخصوص قسم کی سوچ ہے، خوش رہیں بھائی اور کبھی اپنے اوپر بھی نظر ڈال لیا کریں۔"
اداکار کے اس جواب کے بعد سوشل میڈیا پر مختلف آراء سامنے آئیں۔ بعض صارفین نے نعمان اعجاز کی حمایت کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا کہ کسی بھی پیشے کی حلت یا حرمت کا فیصلہ عمومی انداز میں نہیں کیا جا سکتا، جبکہ بعض افراد نے شوبز انڈسٹری سے متعلق مذہبی بحث کو ایک بار پھر چھیڑ دیا۔
یاد رہے کہ نعمان اعجاز پاکستان کے صفِ اول کے اداکاروں میں شمار ہوتے ہیں اور متعدد کامیاب ڈراموں میں اپنی منفرد اداکاری کے جوہر دکھا چکے ہیں۔