گورنر پنجاب کی پی پی پارلیمنٹیرینز سے ملاقات، عوامی مسائل پر آواز اٹھانے کی ہدایت

لاہور: (دنیا نیوز) گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے پیپلز پارٹی سے تعلق رکھنے والے پارلیمنٹیرینز کو گورنر ہاؤس لاہور طلب کر کے پارٹی قیادت کا پیغام پہنچایا اور اسمبلی میں عوامی مسائل اجاگر کرنے کی ہدایت کی۔

گورنر ہاؤس لاہور میں ہونے والی ملاقات کے دوران گورنر پنجاب نے اراکین اسمبلی کو ہدایات جاری کیں اور چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کا پیغام بھی پہنچایا، ملاقات میں گلگت بلتستان کے سیاسی حالات پر بھی گفتگو ہوئی۔

سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ عوام کے حقوق کیلئے جدوجہد کی ہے اور یہ سفر آئندہ بھی جاری رہے گا، پارٹی نے جمہوریت کے لئے تاریخی قربانیاں دی ہیں، اب وقت ہے کہ اپنی صفوں میں اتحاد مزید مضبوط کیا جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ اسمبلی میں پیپلز پارٹی کے اراکین کے ساتھ کسی بھی زیادتی کو برداشت نہیں کیا جائے گا، جبکہ عوامی ترقیاتی منصوبوں میں پارٹی کے ارکان اسمبلی کا بھی حق ہے۔

گورنر پنجاب نے کہا کہ صدر آصف علی زرداری اور چیئرمین بلاول بھٹو زرداری ہمیشہ اپنے پارلیمنٹیرینز کے ساتھ کھڑے ہیں، انہوں نے دعویٰ کیا کہ وہ وقت دور نہیں جب بلاول بھٹو زرداری عوامی مینڈیٹ کے ذریعے ملک کے وزیراعظم ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ غریب عوام، تنخواہ دار طبقہ اور پنشنرز مہنگائی کے باعث مشکلات کا شکار ہیں، اس لئے پیپلز پارٹی کو عوامی حقوق کیلئے بھرپور کردار ادا کرنا ہوگا۔

سردار سلیم حیدر خان کا مزید کہنا تھا کہ گلگت بلتستان میں پیپلز پارٹی حکومت بنائے گی اور وہاں کے انتخابات کے بعد ملک بھر میں پارٹی کی سیاسی سرگرمیوں میں مزید اضافہ ہوگا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں