فیصل آباد میں المناک ٹریفک حادثہ، باپ 2 بیٹوں سمیت جاں بحق
فیصل آباد:(دنیا نیوز) پنجاب کے علاقے فیصل آباد میں موٹر سائیکل اور ٹریکٹر ٹرالی کے تصادم میں باپ دو بیٹوں سمیت جاں بحق ہو گئے۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق المناک ٹریفک حادثہ سمندری بائی پاس روڈ پر پیش آیا جہاں موٹر سائیکل کو مخالف سمت سے آنے والی ٹریکٹر ٹرالی نے کچل دیا۔
ذرائع نے بتایا کہ حادثہ اِس قدر شدید تھا کہ تینوں موٹرسائیکل سوار باپ بیٹے موقع پر ہی دم توڑ گئے، مرنے والے افراد یاسر ٹاؤن کے رہائشی بتائے جاتے ہیں۔
دوسری جانب واقعہ کی اطلاع ملنے پر پولیس بھی موقع پر پہنچ گئی جنہوں نے اپنی موجودگی میں لاشوں کو مقامی ہسپتال منتقل کرایا جہاں ضروری کارروائی کے بعد ورثا کے حوالے کی جائیں گی۔