مغرب میں جمہوریت اور مشرق میں کمیونزم ناکام، حل اسلامی نظام میں ہے: مولانا فضل الرحمٰن

چارسدہ:(دنیا نیوز) سربراہ جے یو آئی مولانا فضل الرحمٰن نے کہا کہ مغرب میں جمہوریت، مشرق میں کمیونزم ناکام اور حل اسلامی نظام میں ہے۔

خیبر پختونخوا کے ضلع چارسدہ میں شہید مولانا محمد ادریسؒ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمٰن کا کہنا تھا کہ  شہید کی شہادت پوری امتِ مسلمہ کا نقصان ہے۔

اُنہوں نے کہا کہ فقیدالمثال اجتماع مولانا محمد ادریسؒ سے محبت اور عقیدت کا مظہر ہے، ایک ادریس کو شہید کرو گے تو ہر  جگہ سے ایسی شخصیات پیدا ہوں گی، اُن کی فکر، آواز اور نصب العین آج بھی زندہ ہیں۔

سربراہ جے یو آئی کا کہنا تھا کہ آج کا اجتماع کارکنوں کے حوصلے پست ہونے کی توقع رکھنے والوں کے لیے جواب ہے، ہماری جماعت دو سو سالہ دینی و سیاسی جدوجہد کی وارث  ہے۔

مولانا فضل الرحمٰن نے کہا کہ فرقہ واریت، لسانیت اور علاقائیت کے نظریات کا ہر سطح پر مقابلہ کیا، دینی مدارس اور علومِ دینیہ کے خلاف سازشیں پہلے بھی ناکام ہوئیں، آئندہ بھی ناکام بنائیں گے۔

اُن کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں انسانی جان کی حرمت پامال ہو رہی ہے، بندوق کی سیاست کرنے والے بدامنی پھیلانے والی قوتوں کے آلہ کار ہیں، مغرب میں جمہوریت اور مشرق میں کمیونزم ناکام، مسائل کا حل اسلامی نظام میں ہے۔

سربراہ جے یو آئی نے کہا کہ بعض قوتیں خطے میں بدامنی اور خون خرابہ چاہتی ہیں، جمعیت علماء اسلام امن اور تعلیم کے لیے کردار ادا کر رہی ہے، پاکستان میں حقیقی جمہوریت کا قیام ضروری ہے، الیکشن کمیشن سے شفاف اور منصفانہ انتخابات کا مطالبہ کیا۔

مولانا فضل الرحمٰن کا مزید کہنا تھا کہ عوامی مینڈیٹ کے مطابق نتائج ملیں تو اسمبلیوں میں مزید مؤثر کردار ادا کر سکتے ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں