معروف ترک اداکارہ ایجے ارتیم 35 برس کی عمر میں انتقال کر گئیں
استنبول: (دنیا نیوز) معروف ترک ٹیلی وژن اداکارہ ایجے ارتیم 35 سال کی عمر میں دل کا دورہ پڑنے کے باعث انتقال کر گئیں، افسوسناک امر یہ ہے کہ وہ اپنی سالگرہ منانے کے صرف ایک روز بعد دنیا سے رخصت ہوئیں۔
اداکارہ کے وکیل اوغور گوککویون کے مطابق ایجے ارتیم پیر کی دوپہر اپنے گھر میں بے ہوش حالت میں پائی گئیں، جہاں وہ اپنی والدہ کے ہمراہ مقیم تھیں، انہوں نے بتایا کہ واقعہ اچانک پیش آیا اور فوری طبی امداد فراہم کیے جانے کے باوجود ان کی جان نہ بچائی جا سکی۔
وکیل کے مطابق ابتدائی طبی رپورٹس میں موت کی ممکنہ وجہ دل کا دورہ قرار دی گئی ہے، تاہم حتمی وجہ پوسٹ مارٹم رپورٹ جاری ہونے کے بعد سامنے آئے گی، انہوں نے سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی خودکشی سے متعلق تمام قیاس آرائیوں کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے مسترد کر دیا۔
ایجے ارتیم 14 جون 1991 کو ترکی کے شہر سیواس میں پیدا ہوئیں، انہوں نے 2014 میں یاشار یونیورسٹی کے اوپیرا اینڈ ووکل پرفارمنس ڈیپارٹمنٹ سے گریجویشن کیا، جس کے بعد استنبول کے سعدی علیشک کلچرل سینٹر سے اداکاری کی باقاعدہ تربیت حاصل کی۔
انہوں نے مقبول ترک ٹی وی ڈرامے "ون لو" میں "ایشل" کے کردار سے شہرت حاصل کی، اس کردار نے انہیں ترکی کی ابھرتی ہوئی اور باصلاحیت اداکاراؤں کی صف میں شامل کر دیا تھا۔
ایجے ارتیم کے انتقال کی خبر پر ترک شوبز انڈسٹری اور مداحوں میں گہرے دکھ اور افسوس کی لہر دوڑ گئی ہے۔