قصور میں خستہ حال جنازگاہ کا پلر اور گیٹ گرنے سے دو بچے جاں بحق
قصور:(دنیا نیوز) پنجاب کے علاقے قصور میں خستہ حال جنازگاہ کا پلر اور گیٹ گرنے سے دو بچے جاں بحق ہو گئے۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق افسوسناک واقعہ نواحی علاقے ڈھولن چک نمبر 7 میں پیش آیا جہاں خستہ حال جنازگاہ کا پلر اور گیٹ گرنے سے دونوں بچے موقع پر ہی دم توڑ گئے۔
حکام کا کہنا جاں بحق ہونے والے بچوں کی عمریں 10 سے12 سال کے درمیان تھیں، ایک بچہ موقع پر ہی دم توڑ گیا جبکہ دوسرا شدید زخمی حالت میں ہسپتال منتقل کیا گیا، جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہوگیا۔
اہلِ علاقہ کا کہنا ہے کہ بچے معمول کے مطابق جنازگاہ کے پلر اور گیٹ پر جھولا جھول رہے تھے، حالیہ بارشوں کے باعث جنازگاہ کی دیوار، پلر اور گیٹ خستہ حال ہوچکے تھے، تاہم ان کی مرمت یا حفاظتی اقدامات نہیں کیے گئے۔
واقعے کے بعد علاقے میں سوگ کی فضا چھا گئی جب کہ اہلِ علاقہ نے متعلقہ حکام سے خستہ حال سرکاری و عوامی عمارتوں کی فوری مرمت اور ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments