کیپٹن محمد سرور شہید کا 78واں یوم شہادت، وزیراعظم، افواج کا خراجِ عقیدت
راولپنڈی: (دنیا نیوز) 1948ء میں کشمیر کے لیے پہلی جنگ کے دوران شہادت پانے والے کیپٹن محمد سرور شہید کا آج 78 واں یوم شہادت منایا جا رہا ہے۔
27 جولائی 1948ء کو پہلی کشمیر جنگ کے دوران آزاد کشمیر کے علاقے تل پترا میں کیپٹن محمد سرور شہید نے کشمیر کی آزادی کیلئے فرض کی ادائیگی کے دوران جامِ شہادت نوش کیا اور پاکستان کے پہلے نشان حیدر حاصل کرنے والے عظیم سپوت بنے۔
آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق کیپٹن محمد سرور شہید نے اپنے جوانوں کی قیادت اگلے مورچوں سے کرتے ہوئے غیر معمولی بہادری، شاندار عسکری حکمت عملی اور فرض شناسی کا مظاہرہ کیا۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ کیپٹن محمد سرور شہید کی لازوال قربانی جرات، استقامت اور وطن سے بے لوث وابستگی کی ہمیشہ زندہ رہنے والی علامت ہے، پاکستان کے عوام اور مسلح افواج ان کی عظیم میراث کو انتہائی احترام اور عقیدت کے ساتھ سلام پیش کرتے ہیں۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کیپٹن محمد سرور شہید (نشانِ حیدر) کے 78ویں یومِ شہادت (27 جولائی 2026) کے موقع پر انہیں زبردست خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ پوری قوم وطن کے دفاع کے لیے ان کی بے مثال شجاعت، جرات، فرض شناسی اور عظیم قربانی کو سلام پیش کرتی ہے۔
اپنے پیغام میں وزیراعظم نے کہا کہ کیپٹن محمد سرور شہید نے 27 جولائی 1948 کو آزادی کشمیر کی پہلی جنگ کے دوران دشمن کا تاریخی اور مثالی دلیری سے مقابلہ کرتے ہوئے جامِ شہادت نوش کیا، کیپٹن محمد سرور شہید وہ پہلے پاکستانی تھے جنہیں مادرِ وطن کے دفاع میں غیر معمولی قربانی کے اعتراف میں ملک کے اعلیٰ ترین عسکری اعزاز "نشانِ حیدر" سے نوازا گیا۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ کیپٹن محمد سرور شہید نے محاذِ جنگ پر فرض شناسی، شجاعت، بہادری اور بہترین پیشہ ورانہ حکمتِ عملی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایسی تاریخ رقم کی جو ہمیشہ یاد رکھی جائے گی، کیپٹن محمد سرور شہید جیسے بہادر سپوت قوم کا فخر اور پاکستان کے ناقابلِ تسخیر دفاع کی ضمانت ہیں۔
چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف اور ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سمیت پاکستان کی مسلح افواج نے کیپٹن محمد سرور شہید (نشان حیدر) کے 78ویں یوم شہادت پر انہیں زبردست خراج عقیدت پیش کیا ہے اور ان کی مادر وطن کے لیے قربانی کو ایک مثال قرار دیا ہے۔
کیپٹن محمد سرور شہید کے مزار پر خصوصی تقریب
کیپٹن محمد سرور شہید (نشانِ حیدر) کے یومِ شہادت کے موقع پر ان کے مزار پر خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں پاک فوج کے افسران اور دیگر معزز شخصیات نے شرکت کی۔
تقریب کے مہمانِ خصوصی میجر جنرل محمد عاصم نے یادگارِ شہداء پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔
اس موقع پر پاک فوج کے چاق و چوبند دستے نے کیپٹن محمد سرور شہید کو سلامی پیش کی، جبکہ وطنِ عزیز کے دفاع کے لیے ان کی خدمات اور لازوال قربانی کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments