خیبر پختونخوا: 24 جولائی سے اب تک مزید 6 افراد جاں بحق، 26 گھروں متاثر

پشاور: (دنیا نیوز) خیبرپختونخوا میں مون سون بارشوں اور فلش فلڈ سے ہونے والے جانی و مالی نقصانات کی تازہ رپورٹ جاری کر دی گئی ہے۔

 صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کے مطابق 24 جولائی سے اب تک گھروں کی چھتیں اور دیواریں گرنے کے مختلف واقعات میں 6 افراد جاں بحق جبکہ 6 افراد زخمی ہوئے ہیں، جاں بحق افراد میں 3 مرد اور 3 بچے جبکہ زخمیوں میں 3 مرد اور 3 خواتین شامل ہیں۔

پی ڈی ایم اے کی رپورٹ میں بتایا گیا کہ اس عرصے میں تیز بارشوں اور فلش فلڈ کے باعث 26 گھروں کو نقصان پہنچا جن میں 19 گھروں کو جزوی جب کہ 7 گھر مکمل طور پر منہدم ہوگئے۔

رپورٹ کے مطابق 19 جولائی سے 26 جولائی کے دوران صوبے کے 25 اضلاع میں بارشوں، فلش فلڈ، گھروں کی چھتیں اور دیواریں گرنے اور سیلابی ریلوں میں بہہ جانے کے واقعات کے نتیجے میں اموات کی مجموعی تعداد 32 ہوگئی، جبکہ 35 افراد زخمی ہوئے۔

پی ڈی ایم اے کا کہنا تھا کہ جاں بحق افراد میں 13 مرد، 3 خواتین اور 16 بچے شامل ہیں جب کہ زخمیوں میں 16 مرد، 12 خواتین اور 7 بچے شامل ہیں۔

ادارے نے بتایا کہ مجموعی طور پر 72 گھروں کو نقصان پہنچا، جن میں 55 گھروں کو جزوی جبکہ 17 گھر مکمل طور پر منہدم ہوگئے اور بارشوں سے مختلف قدرتی حادثات میں 46 مویشی بھی ہلاک ہوئے۔

پی ڈی ایم اے کی رپورٹ میں لکھا گیا کہ  متاثرہ اضلاع میں پشاور، نوشہرہ، خیبر، مردان، بونیر، باجوڑ، شانگلہ، صوابی، چترال، دیر، ایبٹ آباد، مانسہرہ، ہری پور، اپر کوہستان، ٹانک، تورغر، کرم، شمالی اور جنوبی وزیرستان سمیت دیگر علاقے شامل ہیں۔

دوسری جانب ادارے نے تمام متعلقہ ضلعی انتظامیہ کو متاثرین تک فوری امدادی سامان پہنچانے اور ریلیف سرگرمیاں تیز کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...