بلاول پنجاب کی ترقی پر تنقید کے بجائے اپنے صوبے پر توجہ دیں: رانا سکندرحیات
لاہور:(دنیا نیوز) وزیر تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات نے کہا ہے کہ بلاول بھٹو پنجاب کی ترقی پر تنقید کے بجائے اپنے صوبے پر توجہ دیں۔
صوبائی دارالحکومت ڈی جی پی آر میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے رانا سکندر حیات کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز کی قیادت میں پنجاب میں تعلیم اور ترقی کے شعبوں میں انقلابی اقدامات کیے جا رہے ہیں، جبکہ اپوزیشن خصوصاً پیپلز پارٹی کو تنقید کے بجائے اپنی کارکردگی پر توجہ دینی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب کے نوجوانوں کو سکالرشپس اور لیپ ٹاپ فراہم کیے جا رہے ہیں، دانش سکول جیسے منصوبوں کی مثال ملک میں نہیں ملتی اور سکولوں میں طلبہ کے داخلوں میں ریکارڈ اضافہ ہوا ہے۔
صوبائی پنجاب تعلیم کا کہنا تھا کہ سکولوں کی آؤٹ سورسنگ سے تعلیمی شعبے میں بہتری آئی ہے اور وزیراعلیٰ مریم نواز کی خصوصی توجہ تعلیم کے معیار کو بہتر بنانے پر مرکوز ہے۔
رانا سکندر حیات نے کہا کہ پنجاب حکومت کے متعدد ترقیاتی منصوبوں کو سندھ حکومت نے نقل کیا، جبکہ اگر پیپلز پارٹی کو بحث کرنی ہے تو وہ ترقیاتی منصوبوں اور عوامی خدمت کی بنیاد پر کرے، پیپلز پارٹی کے پاس دانش سکول جیسا کوئی منصوبہ نہیں، اور آج کا نوجوان بھی ان کے ساتھ نہیں ہے۔
وزیر تعلیم کا مزید کہنا تھا کہ ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت گلی محلوں کی صفائی کو یقینی بنایا جا رہا ہے جب کہ انہیں یقین ہے کہ آزاد کشمیر کے انتخابات میں نواز شریف اور مریم نواز کی کارکردگی کی بنیاد پر مسلم لیگ (ن) کامیابی حاصل کرے گی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments