ایران جنگ میں اب تک 18 امریکی فوجی ہلاک، 624 زخمی ہوئے: پینٹاگون

واشنگٹن: (ویب ڈیسک) امریکی محکمہ دفاع پینٹاگون نے ایران جنگ میں ہلاک اور زخمی ہونے والے امریکی فوجیوں کی تعداد سے متعلق تازہ ترین اعداد و شمار جاری کردیے۔

پینٹاگون نے جنگی نقصانات کے اپنے ڈیٹا بیس کو اپ ڈیٹ کرتے ہوئے مزید 140 سے زائد زخمی فوجیوں کا اندراج کیا ہے جبکہ حالیہ دنوں میں ایرانی حملوں میں ہلاک ہونے والے 4 فوجیوں کو بھی دوبارہ فہرست میں شامل کر دیا گیا ہے۔

امریکی میڈیا کے مطابق پینٹاگون کے ڈیفنس کیژولٹی اینالیسس سسٹم (DCAS) میں ایک نئی کیٹیگری اوورسیز آپریشنز کا اضافہ کیا گیا ہے جس کے تحت 7 جولائی سے بیرون ملک کارروائیوں میں ہلاک اور زخمی ہونے والے فوجیوں کا ریکارڈ رکھا جا رہا ہے۔

امریکی میڈیا کے مطابق اس نئی کیٹیگری کے اعداد و شمار کو اگر آپریشن ایپک فیوری کے تازہ ڈیٹا کے ساتھ یکجا کیا جائے تو 28 فروری سے ایران کے خلاف شروع ہونے والی جنگ میں اب تک ہلاک ہونے والے امریکی فوجیوں کی تعداد 18 جبکہ زخمی فوجیوں کی تعداد 624 بنتی ہے۔

امریکی میڈیا کے مطابق زخمیوں کی یہ تعداد اس سے قبل کی بلند ترین تعداد 482 کے مقابلے میں نمایاں اضافہ ظاہر کرتی ہے۔

پینٹاگون کے مطابق ایران جنگ کے آغاز کے بعد سے ہلاک ہونے والے 18 امریکی فوجیوں میں 11 کا تعلق آرمی، 6 کا تعلق ائیرفورس اور ایک کا تعلق نیوی سے ہے، زخمی اہلکاروں میں سے 461 کا تعلق آرمی، 86 کا تعلق نیوی، 19 کا تعلق میرینز اور 58 کا تعلق ائیرفورس سے ہے۔

امریکی میڈیا اداروں اور قانون سازوں نے پینٹاگون کو اس وقت تنقید کا نشانہ بنایا تھا جب ایرانی حملوں کے تسلسل کے باوجود DCAS میں ہلاک اور زخمی فوجیوں کی تعداد کم دکھائی گئی تھی۔

امریکی میڈیا کا کہنا ہے کہ نئی متعارف کرائی گئی اوورسیز آپریشنز کیٹیگری میں 7 جولائی کے بعد کے نقصانات شامل کیے گئے ہیں تاہم اس میں یہ واضح نہیں کیا گیا کہ یہ ہلاکتیں اور زخمی کس مخصوص تنازع یا جنگ سے متعلق ہیں۔

اس کیٹیگری میں ہلاک ہونے والے فوجیوں کے نام شامل ہیں، جن میں اردن میں ایرانی حملے کے نتیجے میں مارے جانے والے 3 امریکی فوجی اور گزشتہ ہفتے شمالی عراق میں ایرانی ڈرون ناکارہ بنانے کے دوران ہلاک ہونے والا ایک فوجی بھی شامل ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...