امریکی سینیٹر برنی سینڈرز نے غزہ کی صورتحال کا ذمہ دار امریکا کو قرار دیدیا
واشنگٹن: (دنیا نیوز) امریکا کے سینیٹر برنی سینڈرز نے غزہ کی صورتحال کا ذمہ دار امریکا کو قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ غزہ میں جو کچھ ہو رہا ہے امریکا اس میں برابر کا شریک ہے۔
سینیٹر برنی سینڈرز نے کہا کہ امریکا نے اسرائیل کو اربوں ڈالر کی فوجی امداد فراہم کی، اسرائیل پر عالمی قوانین کی خلاف ورزی کے الزامات ہونے کے باوجود امریکا نے اس کی مدد کی، جنگ بندی کے باوجود اسرائیل نے غزہ میں اپنی فوجی کارروائیاں اور پیش قدمی جاری رکھی۔
برنی سینڈرز نے کہا کہ اسرائیل اب غزہ کے تقریباً 70 فیصد علاقے پر کنٹرول رکھتا ہے، امریکی عوام اسرائیل کو فوجی امداد بند کرنے کا مطالبہ کر رہی ہے، کانگریس عوامی رائے کا احترام کرے اور اسرائیل کو فوجی امداد فوری طور پر روک دے۔
انہوں نے کہا کہ جنگ بندی کے نو ماہ بعد بھی فلسطینی عوام کی مشکلات ختم نہیں ہوئیں، غزہ کے 92 فیصد رہائشی مکانات تباہ یا شدید متاثر ہو چکے ہیں، غزہ کی 70 فیصد آبادی مناسب رہائش سے محروم ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ غزہ کے 91 فیصد بچوں کو باقاعدہ تعلیم تک رسائی حاصل نہیں، غزہ میں 70 فیصد کم عمر بچے غذائی عدم تحفظ کا شکار ہیں، اسرائیل جنگ بندی کے باوجود غزہ میں متعدد نئی فوجی چوکیاں بھی بنا چکا ہے، اسرائیلی حکومت غزہ پر مستقل قبضے کی منصوبہ بندی کر رہی ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments