پی سی بی کی لاہور ریجن میں زونز بڑھانے کیخلاف درخواستیں مسترد
لاہور: (محمد اشفاق) لاہور ہائیکورٹ نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے لاہور ریجن کے زونز کی تعداد 3 سے بڑھا کر 5 کرنے کے اقدام کے خلاف دائر درخواستوں کو ناقابل سماعت قرار دیتے ہوئے مسترد کر دیا۔
لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس احمد ندیم ارشد نے شیراز عبداللہ سمیت دیگر درخواست گزاروں کی درخواستوں پر 5 صفحات پر مشتمل تحریری فیصلہ جاری کیا۔ فیصلے میں کہا گیا ہے کہ درخواست گزار متعلقہ فورم سے رجوع کیے بغیر عدالت سے رجوع ہوئے، اس لیے درخواستیں قابل سماعت نہیں۔
درخواست گزاروں کی جانب سے صدر لاہور ہائیکورٹ بار بابر مرتضی نےلائل دئیے، وکیل کے مطابق پی سی بی نے لاہور ریجن میں زونز کی تعداد 3 سے بڑھا کر 5 کر دی اور اس حوالے سے الیکشن کرانے کا نوٹیفکیشن جاری کیا۔
درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ پی سی بی کے ساتھ منسلک کلبز کے انتخابات ہر چھ سال بعد کرانا لازم ہے، تاہم زونز میں اضافے کے باوجود ووٹر لسٹیں اپڈیٹ نہیں کی گئیں اور 2019 کی ووٹر لسٹوں پر ہی 5 زونل کرکٹ ایسوسی ایشنز کے انتخابات کروائے جا رہے ہیں۔
درخواست گزاروں نے عدالت سے استدعا کی تھی کہ زونز میں اضافے کے اقدام کو کالعدم قرار دیا جائے۔
دوسری جانب پی سی بی کے وکیل بیرسٹر ردا حسین نے اپنے جواب میں مؤقف اختیار کیا کہ درخواست گزاروں کے لیے ایڈجیوڈیکٹر کا فورم موجود تھا اور وہ اس سے رجوع کر سکتے تھے۔
پی سی بی کے مطابق زونز کی نئی حد بندی کی منظوری بورڈ آف گورنرز کے اجلاس میں دی گئی اور تمام قواعد و ضوابط کے مطابق عمل مکمل کیا گیا۔
مزید کہا گیا کہ کلبز کی شکایات کے ازالے کے لیے پی سی بی کا مکمل میکنزم موجود ہے، عدالت نے ریکارڈ کا جائزہ لینے کے بعد قرار دیا کہ درخواست گزاروں نے متعلقہ فورم سے رجوع کیے بغیر درخواست دائر کی، لہٰذا درخواستیں ناقابل سماعت ہیں اور انہیں مسترد کیا جاتا ہے۔