اسحاق ڈار قاہرہ میں 4 ملکی وزرائے خارجہ اجلاس میں شرکت کریں گے
اسلام آباد: (دنیا نیوز) نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار 21 جون کو مصر کے دارالحکومت قاہرہ میں ہونے والے آر-4 ممالک کے وزرائے خارجہ کے چوتھے اجلاس میں شرکت کریں گے۔
دفتر خارجہ کے مطابق مصر کے وزیر خارجہ ڈاکٹر بدر عبدالعاطی نے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کو چار فریقی اجلاس میں شرکت کی دعوت دی ہے۔
اجلاس میں مصر، سعودی عرب، ترکیہ اور پاکستان کے وزرائے خارجہ شریک ہوں گے، جہاں علاقائی صورتحال، امن، سلامتی اور استحکام سے متعلق اہم امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
وزرائے خارجہ باہمی دلچسپی کے مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے اور شراکت داری مضبوط بنانے کے امکانات کا بھی جائزہ لیں گے۔
دورہ قاہرہ کے دوران نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار مصر کے وزیر خارجہ ڈاکٹر بدر عبدالعاطی کے ساتھ دوطرفہ مشاورت بھی کریں گے۔
اس کے علاوہ اسحاق ڈار مصر کے صدر عبدالفتح السیسی سے بھی ملاقات کریں گے، جس میں دوطرفہ تعلقات اور علاقائی امور پر تبادلہ خیال متوقع ہے۔