این ڈی ایم اے کا شدید بارشوں، سیلاب اور گلوف کے خطرے کا الرٹ جاری
اسلام آباد: (دنیا نیوز) نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر نے آئندہ چند روز کے دوران ملک کے مختلف علاقوں میں شدید موسمی صورتحال اور ممکنہ خطرات سے متعلق الرٹ جاری کر دیا ہے۔
الرٹ کے مطابق آئندہ 12 سے 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں تیز ہواؤں، آندھی، جھکڑ اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
اسلام آباد سمیت پنجاب کے مختلف اضلاع راولپنڈی، مری، اٹک، چکوال، جہلم، لاہور، فیصل آباد، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، ملتان، بہاولپور، رحیم یار خان اور دیگر علاقوں میں بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
پوٹھوہار ریجن میں شدید بارشوں کے باعث شہری سیلابی صورتحال پیدا ہونے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
اسی طرح گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے جبکہ پہاڑی علاقوں میں گلیشیئر جھیلوں کے پھٹنے (گلوف) اور اچانک سیلاب کا خطرہ بھی ظاہر کیا گیا ہے۔
این ڈی ایم اے کے مطابق ہنزہ، نگر، غذر، سکردو، شگر، استور اور دیامر سمیت شمالی علاقوں میں سیلابی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے جبکہ چترال، سوات، دیر، کوہستان اور مانسہرہ کے علاقے بھی خطرے کی زد میں ہیں۔
بلوچستان کے تربت، خضدار، آواران اور ژوب جبکہ سندھ کے جیکب آباد، سکھر، لاڑکانہ، خیرپور، دادو، گھوٹکی اور کراچی میں بھی تیز ہواؤں اور بارش کا امکان ہے۔
ادارے نے خبردار کیا ہے کہ تیزی سے پگھلتے گلیشیئرز اور برفانی جھیلوں کے ٹوٹنے کے باعث ندی نالوں میں پانی کے بہاؤ میں اضافہ اور لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ موجود ہے، جس سے شاہراہوں اور بنیادی ڈھانچے کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔
این ڈی ایم اے نے عوام کو ہدایت کی ہے کہ وہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں، خاص طور پر پہاڑی اور سیاحتی علاقوں میں احتیاط برتیں اور ندی نالوں کے قریب جانے سے بچیں۔
ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ اداروں کو حساس علاقوں میں الرٹ رہنے، نکاسی آب کے نظام کو بہتر بنانے اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کی ہدایت بھی جاری کر دی گئی ہے۔
این ڈی ایم اے نے شہریوں پر زور دیا ہے کہ وہ موسمی صورتحال سے متعلق تازہ معلومات کے لیے آفیشل ذرائع اور “پاک این ڈی ایم اے ڈیزاسٹر الرٹ” ایپ سے رہنمائی حاصل کریں۔