قومی اسمبلی میں بجٹ کی منظوری کا عمل آج باضابطہ طور پر شروع ہوگا

اسلام آباد: (دنیا نیوز) قومی اسمبلی میں بجٹ کی منظوری کا عمل آج باضابطہ طور پر شروع ہوگا۔

وزیر خزانہ محمد اورنگزیب قومی اسمبلی میں 104 کھرب 14 ارب روپے سے زائد کے 135 مطالبات زر منظوری کیلئے پیش کریں گے، 43 کھرب 85 ارب روپے سے زائد کے 88 مطالبات زر کٹوتی کی تحاریک کے بغیر منظور کئے جائیں گے۔

60 کھرب 29 ارب روپے سے زائد کے 47 مطالبات زر پر اپوزیشن کٹوتی کی 587 تحاریک پیش کرے گی۔

کابینہ سیکرٹریٹ اور ذیلی اداروں کے 19 مطالبات زر پر کٹوتی کی 91 تحریک پیش کی جائیں گی، توانائی ڈویژن کے 661 ارب 26 کروڑ روپے سے زائد کے چھ مطالبات پر کٹوتی کی 116 تحاریک پیش ہوں گی۔

وزارت خزانہ کے 42 کھرب 82 ارب روپے سے زائد کے مطالبات زر پر کٹوتی کی 100 تحاریک پیش کی جائیں گی، جبکہ وزارت داخلہ کے 74 ارب 35 کروڑ سے زائد کے چار مطالبات پر کٹوتی کی 123 تحاریک پیش کی جائیں گی۔

قومی اسمبلی اجلاس میں میں تخفیف غربت ڈویژن کے 859 ارب روپے سے زائد کے تین مطالبات پر کٹوتی کی 45 تحاریک پیش کی جائیں گی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں