خام تیل کے بعد خوردنی تیل کا درآمدی بل بھی ریکارڈ سطح پر پہنچ گیا
کراچی: (دنیا نیوز) پاکستان کا خام تیل کے بعد خوردنی تیل کا درآمدی بل بھی ریکارڈ سطح پر پہنچ گیا۔
او آئی سی سی آئی رپورٹ کے مطابق پاکستان نے خوردنی تیل کی درآمد پر 3 ارب 40 کروڑ ڈالر خرچ کرکے نیا ریکارڈ بنا ڈالا، پاکستان پام آئل امپورٹ کرنےوالا دنیا کاچوتھا بڑا ملک بن گیا۔
رپورٹ کے مطابق زرعی پیداوار ہونے کے باوجود مقامی سطح پر صرف 15 فیصد خوردنی تیل پیدا کیا جاتا ہے، مالی سال 2020ء کے مقابلے میں خوردنی تیل کا درآمدی بل تقریبا دوگنا ہوگیا۔
اوورسیز انویسٹرز چیمبر کامرس کے مطابق پاکستان کا خوردنی تیل کا درآمدی بل تعلیمی بجٹ سے بھی تجاوز کر گیا، مقامی سطح پر 37 فیصد افراد زراعت سے وابستہ ہو کر بھی آئل سیڈ کی کاشت بڑھا نہ پائے۔
رپورٹ کے مطابق خوردنی تیل کا ایک تہائی حصہ پورا کرنے کیلئے اضافی گنے کی کاشت کو کینولا، سورج مکھی کی کاشت میں تبدیل کرنا ہوگا۔