پاکستان اور جرمنی کے 40.5 ملین یورو کے تکنیکی تعاون کے معاہدے پر دستخط
اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزارت اقتصادی امور کے مطابق پاکستان اور جرمنی کے درمیان 40.5 ملین یورو کے تکنیکی تعاون کے معاہدے پر دستخط ہوگئے۔
وزارت اقتصادی امور کا کہنا ہے کہ معاہدے کے تحت جرمن ترقیاتی بینک (کے ایف ڈبلیو) کے تعاون سے 9 نئے ترقیاتی منصوبوں کا آغاز ہوگا۔
اس معاہدے کے ذریعے موسمیاتی تبدیلی، سماجی تحفظ اور قابلِ تجدید توانائی سمیت اہم شعبوں میں دوطرفہ ترقیاتی تعاون کو مزید مضبوط بنانا جائے گا۔
وزارت اقتصادی امور کے مطابق حکومت پاکستان کی طرف سے سیکرٹری اقتصادی امور محمد حمیر کریم نے معاہدے پر دستخط کئے، جرمن حکومت کی جانب سے سفیر اینا لیپل نے دستخط کئے۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سیکرٹری اقتصادی امور محمد حمیر کریم نے جرمن حکومت اور کے ایف ڈبلیو کی مسلسل معاونت کو سراہا۔
محمد حمیر کریم نے نے کہا کہ پاکستان اور جرمنی کے درمیان 1961 سے باہمی اعتماد اور تعاون پر مبنی مضبوط اور دیرپا ترقیاتی شراکت داری قائم ہے۔
سیکرٹری اقتصادی امور کا کہنا تھا کہ اس معاہدے سے دوطرفہ ترقیاتی پورٹ فولیو تقریباً 550 ملین یورو تک پہنچ چکا ہے۔
جرمن سفیر اینا لیپل نے کہا کہ جرمنی پاکستان کے ساتھ اپنی دیرینہ شراکت داری کو نہایت اہمیت دیتا ہے، پائیدار اور جامع ترقی کے فروغ کے لیے اقدامات کی حمایت جاری رکھنے کے لیے پُرعزم ہے۔
اینا لیپل نے کہا کہ معاہدہ دونوں ممالک کے اس مشترکہ عزم کی عکاسی کرتا ہے، موسمیاتی تبدیلی، توانائی کی منتقلی اور سماجی کمزوری جیسے عالمی چیلنجز سے عملی تعاون اور مشترکہ اقدامات جاری رکھیں گے۔
جرمن سفیر نے کہا کہ معاہدے کے تحت شروع کیے جانے والے منصوبے پاکستان بھر کی کمیونٹیز کے لیے بامعنی فوائد فراہم کریں گے۔