8 سال بعد گومل زام ہائیڈل پاور سٹیشن مکمل استعداد پر بحال، نیشنل گرڈ سے منسلک

اسلام آباد: (دنیا نیوز) جنوبی وزیرستان میں واقع گومل زام ہائیڈل پاور سٹیشن کا متاثرہ پیداواری یونٹ کامیابی سے بحال کر کے نیشنل گرڈ سے منسلک کر دیا گیا ہے، جس کے بعد پاور سٹیشن اپنی مکمل پیداواری صلاحیت 17.4 میگاواٹ پر بحال ہو گیا ہے۔

واپڈا کے مطابق بحال کیے گئے یونٹ کو تمام ضروری تکنیکی اور آپریشنل ٹیسٹ مکمل ہونے کے بعد نیشنل گرڈ سے منسلک کیا گیا، متاثرہ یونٹ کی بحالی کے نتیجے میں نیشنل گرڈ میں 17.4 میگاواٹ سستی اور ماحول دوست بجلی کی فراہمی دوبارہ شروع ہو گئی ہے۔

واپڈا کا کہنا ہے کہ تکنیکی خرابی کے باعث پاور سٹیشن کے دونوں پیداواری یونٹس اکتوبر 2016 میں بند ہو گئے تھے، جس کے بعد گومل زام ہائیڈل پاور سٹیشن گزشتہ آٹھ برس سے اپنی نصف پیداواری صلاحیت پر بجلی پیدا کر رہا تھا۔

پاور سٹیشن کے دو پیداواری یونٹ ہیں اور ہر یونٹ کی پیداواری صلاحیت 8.7 میگاواٹ ہے، واپڈا نے ایک یونٹ جون 2018 میں بحال کر لیا تھا، تاہم خرابی کی نوعیت پیچیدہ ہونے کے باعث دوسرے یونٹ کی بحالی ممکن نہ ہو سکی تھی۔

واپڈا کے مطابق دوسرے یونٹ کی بحالی کے لیے 35 کروڑ 95 لاکھ روپے مالیت کا منصوبہ اپریل 2026 میں شروع کیا گیا، جسے مقررہ وقت سے قبل صرف 80 روز میں مکمل کرتے ہوئے 25 جون 2026 کو یونٹ کو دوبارہ فعال کر دیا گیا۔

گومل زام ہائیڈل پاور سٹیشن 132 کے وی جنوبی وزیرستان۔ٹانک ٹرانسمیشن لائن کے ذریعے نیشنل گرڈ سے منسلک ہے اور مکمل استعداد پر کام کرتے ہوئے سالانہ تقریباً 9 کروڑ 9 لاکھ یونٹ سستی اور ماحول دوست بجلی فراہم کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

واپڈا کے مطابق پاور سٹیشن کی مکمل بحالی سے خیبر پختونخوا خصوصاً جنوبی وزیرستان اور دیگر دور دراز علاقوں میں بجلی کی فراہمی کے نظام کو مزید مستحکم بنانے میں مدد ملے گی۔

گومل زام ڈیم کی مجموعی ذخیرہ آب صلاحیت 11 لاکھ 40 ہزار ایکڑ فٹ ہے، جبکہ اس کے ذریعے ایک لاکھ 91 ہزار 139 ایکڑ زرعی اراضی کو سیراب کیا جاتا ہے۔ ڈیم سے پن بجلی کی پیداوار کے علاوہ زرعی شعبے کو بھی نمایاں فوائد حاصل ہو رہے ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں