عالمی منڈی میں خام تیل مزید سستا، قیمتیں 4 ماہ کی کم ترین سطح پر پہنچ گئیں

نیویارک: (دنیا نیوز) عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے جہاں برینٹ کروڈ کی قیمت تقریباً 4 ماہ کی کم ترین سطح پر پہنچ گئی۔

عالمی جریدے بلوم برگ کے اعداد و شمار کے مطابق خام تیل برینٹ کروڈ 74.80 ڈالر فی بیرل پر ٹریڈ کرتا رہا جو بعد میں مزید گر کر تقریباً 73.8 ڈالر فی بیرل تک بھی پہنچ گیا۔

یہ پہلا موقع ہے کہ برینٹ کروڈ کی قیمت 75 ڈالر فی بیرل سے نیچے آئی ہے جو فروری کے آخر میں امریکا اور اسرائیل کی ایران کے ساتھ کشیدگی شروع ہونے سے پہلے کی سطح کے قریب ہے۔

عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں تیزی سے کمی کی وجہ امریکا ایران معاہدے کے بعد آبنائے ہرمز سے تیل بردار جہازوں کی آمدورفت معمول پر آنا ہے۔

علاوہ ازیں امریکا کی جانب سے 60 روز کے لیے پابندیاں نرم کرنے کے بعد ایرانی خام تیل کی برآمدات میں ممکنہ اضافے سے بھی عالمی منڈی میں رسد بڑھنے کا امکان ہے۔

ایک اور بڑی وجہ خلیجی ممالک کی جانب سے تیل کی فراہمی میں اضافے اور بعض کارگو رعایتی نرخوں پر فروخت ہونا ہے۔

ان تمام پیشرفتوں کے بعد سرمایہ کاروں نے تیل کی قیمتوں میں شامل اضافی جیو پولیٹیکل رسک پریمیم نکالنا شروع کر دیا ہے جس سے قیمتوں میں مزید تیزی سے کمی آئی۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں