یورپ شدید ہیٹ ویو کی لپیٹ میں، کئی ممالک میں درجہ حرارت نے ریکارڈ توڑ دیے

پیرس، لندن، روم: (دنیا نیوز) یورپ اس وقت شدید ہیٹ ویو کی لپیٹ میں ہے، جہاں مختلف ممالک میں درجہ حرارت نے گزشتہ کئی برسوں کے ریکارڈ توڑ دیے ہیں۔ متعدد علاقوں میں گرمی کی شدت معمول سے 10 سے 17 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ ریکارڈ کی گئی ہے ۔

فرانس، برطانیہ، اٹلی اور سوئٹزرلینڈ شدید گرمی سے سب سے زیادہ متاثر ہیں۔ فرانس میں درجہ حرارت 40 ڈگری سینٹی گریڈ سے تجاوز کر گیا ہے، جس کے باعث کئی علاقوں میں ہائی الرٹ نافذ کر دیا گیا ہے۔

گرمی کی لہر کے دوران فرانس میں ڈوبنے کے مختلف واقعات میں 40 افراد جان کی بازی ہار گئے، جن میں اکثریت نوجوانوں کی تھی۔ پیرس میں تاریخی ہیٹ ویو کے باعث لوور میوزیم نے بھی اپنے اوقاتِ کار محدود کر دیے ہیں۔

برطانیہ کے دارالحکومت لندن میں جون کا درجہ حرارت گزشتہ تمام ریکارڈ توڑتے ہوئے 35.7 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا، جبکہ شدید گرمی کے باعث اسکولوں میں بچوں کو ٹھنڈا رکھنے کے لیے خصوصی انتظامات کیے جا رہے ہیں۔

اٹلی میں 15 شہروں کے لیے شدید گرمی کا ریڈ الرٹ جاری کر دیا گیا ہے، روم، میلان، فلورنس اور ٹورین سمیت کئی بڑے شہر شدید گرمی کی لپیٹ میں ہیں، جہاں حکام نے ہنگامی انتباہ جاری کرتے ہوئے شہریوں کو غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نہ نکلنے کی ہدایت کی ہے۔

ادھر سوئٹزرلینڈ کے شہر جنیوا میں شہری گرمی سے بچنے کے لیے ایئرکنڈیشنڈ سنیما گھروں کا رخ کر رہے ہیں، یورپ بھر میں شدید گرمی کے باعث روزمرہ زندگی، سفری نظام اور سیاحتی سرگرمیاں بھی متاثر ہونا شروع ہو گئی ہیں۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں