خیبر پختونخوا فنانس بل میں نئے ٹیکس عائد، جرمانوں میں بڑا اضافہ
پشاور: (دنیا نیوز) خیبر پختونخوا حکومت نے مالی سال 2026-27 کا فنانس بل منظور کر لیا ہے، جس کے تحت صوبائی سطح پر نئے ٹیکس اور جرمانوں میں نمایاں اضافہ کیا گیا ہے۔
نئے فنانس بل کے مطابق آئندہ مالی سال میں صوبائی حکومت 182 ارب روپے سے زائد ٹیکس جمع کرے گی۔
بل میں پہلی مرتبہ کرپٹو اور ڈیجیٹل اثاثوں پر 5 فیصد ٹیکس عائد کرنے کی تجویز شامل کی گئی ہے، اسی طرح پی او ایس اور ای انوائسنگ سسٹم نہ لگانے پر جرمانہ 2 لاکھ روپے سے بڑھا کر 5 لاکھ روپے کر دیا گیا ہے۔
فنانس بل کے مطابق مسافر گاڑیوں پر ٹیکس میں ردوبدل کیا گیا ہے جبکہ رکشوں، وینز اور بسوں کے لیے نئی سالانہ ٹیکس شرح مقرر کی گئی ہے۔
کاروبار کو ٹیکس اتھارٹی کے ساتھ رجسٹرڈ نہ کرنے پر 4 لاکھ روپے جرمانہ یا ایک سال قید کی سزا بھی تجویز کی گئی ہے۔
بل میں ٹیکس فراڈ پر 5 لاکھ روپے جرمانہ، 5 سال تک قید اور واجب الادا ٹیکس کے 100 فیصد کے برابر اضافی جرمانے کی شق بھی شامل کی گئی ہے۔
اسی طرح کاروباری لین دین بینک کے ذریعے نہ کرنے پر 50 ہزار روپے جرمانہ اور 6 ماہ تک قید کی سزا تجویز کی گئی ہے۔
نئے مالی قوانین کے مطابق صوبے میں ٹیکس نظام کو مزید سخت اور ڈیجیٹل بنایا جا رہا ہے تاکہ محصولات میں اضافہ اور شفافیت کو یقینی بنایا جا سکے۔