سلطان راہی کا 88واں یومِ پیدائش، لیجنڈ اداکار کو خراجِ عقیدت پیش

لاہور: (دنیا نیوز) پاکستانی فلم انڈسٹری کے عظیم اداکار اور پنجابی سنیما کے بے تاج بادشاہ سلطان راہی کا 88واں یومِ پیدائش آج منایا جا رہا ہے۔

24 جون 1938 کو پیدا ہونے والے سلطان راہی نے اپنے فلمی کیریئر کا آغاز چھوٹے کرداروں سے کیا، تاہم اپنی محنت، منفرد اداکاری، طاقتور مکالمہ ادائیگی اور جاندار کرداروں کے باعث وہ پنجابی فلموں کے سب سے مقبول ستارے بن گئے۔

فلم ’’وحشی جٹ‘‘ نے سلطان راہی کو شہرت کی بلندیوں تک پہنچایا، جبکہ ’’مولا جٹ‘‘ نے انہیں برصغیر کے مقبول ترین ایکشن ہیروز کی صف میں لاکھڑا کیا، فلم میں ان کا گنڈاسا بردار کردار اور دبنگ انداز آج بھی شائقین کے ذہنوں میں تازہ ہے۔

سلطان راہی اور مصطفیٰ قریشی کی جوڑی پاکستانی فلمی تاریخ کی کامیاب ترین جوڑیوں میں شمار ہوتی ہے، جنہوں نے متعدد یادگار فلموں میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھائے۔

تقریباً چار دہائیوں پر محیط فلمی سفر میں سلطان راہی نے سیکڑوں فلموں میں اداکاری کی اور پنجابی سنیما کو نئی شناخت عطا کی، ان کے مشہور مکالمے، منفرد انداز اور لازوال کردار آج بھی پاکستانی فلم انڈسٹری کا قیمتی اثاثہ سمجھے جاتے ہیں۔

9 جنوری 1996 کو گوجرانوالہ کے قریب ایک افسوسناک واقعے میں سلطان راہی انتقال کر گئے، تاہم ان کا فن، شخصیت اور فلمی خدمات آج بھی زندہ ہیں اور وہ پاکستان کے یادگار ترین اداکاروں میں شمار ہوتے ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں