آزاد کشمیر میں تمام راستے کھلے، جھوٹی خبروں سے گریز کیا جائے: آئی جی پولیس

مظفرآباد: (دنیا نیوز) آزاد جموں و کشمیر کے انسپکٹر جنرل پولیس لیاقت علی ملک نے کہا ہے کہ جھوٹی اور جعلی خبریں موجودہ دور کا سب سے بڑا چیلنج بن چکی ہیں، عوام کسی بھی خبر کو آگے شیئر کرنے سے قبل اس کی تصدیق ضرور کریں۔

مظفرآباد میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے آئی جی آزاد کشمیر لیاقت علی ملک نے کہا کہ بعض شرپسند عناصر کشمیر کی صورتحال کے حوالے سے جھوٹا پروپیگنڈا پھیلا رہے ہیں اور عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر میں راستوں کی بندش سے متعلق بعض خبروں میں حقائق کے منافی دعوے کیے گئے ہیں، ان کا کہنا تھا کہ آزاد کشمیر آنے اور جانے والے تمام راستے مکمل طور پر کھلے ہیں اور ٹریفک معمول کے مطابق رواں دواں ہے۔

آئی جی پولیس نے کہا کہ جدید دور میں مصنوعی ذہانت (آرٹیفیشل انٹیلی جنس) کے ذریعے نت نئے بیانیے اور گمراہ کن مواد تخلیق کیا جا رہا ہے، جس کے باعث غلط معلومات کے پھیلاؤ میں اضافہ ہوا ہے، ایسے حالات میں عوام کو مزید محتاط رہنے کی ضرورت ہے۔

لیاقت علی ملک نے کہا کہ خوراک سے بھری گاڑی کو روکنے سے متعلق لگائے گئے الزامات بھی بے بنیاد ہیں اور ان میں کوئی صداقت نہیں، انہوں نے زور دیا کہ کسی بھی خبر یا دعوے کی حقیقت فیکٹ چیک کے ذریعے باآسانی جانچی جا سکتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: آزاد کشمیر میں راستوں کی بندش سے متعلق بی بی سی اردو کی رپورٹ حقائق کے منافی قرار

انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ غیر مصدقہ معلومات پر یقین کرنے یا انہیں پھیلانے سے گریز کریں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال یا مشکل کی صورت میں آزاد کشمیر پولیس کی ہیلپ لائن سے رابطہ کریں۔

آئی جی آزاد کشمیر کا کہنا تھا کہ پولیس اور دیگر ادارے امن و امان برقرار رکھنے اور درست معلومات عوام تک پہنچانے کے لیے مسلسل کام کر رہے ہیں، جھوٹی اور گمراہ کن خبروں کے تدارک کے لیے بھی مؤثر اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں