ویمنز ٹی20 ورلڈ کپ: پاکستان نے نیدرلینڈز کو ہرا کر ایونٹ میں پہلی فتح سمیٹ لی
برسٹل: (دنیا نیوز) ویمنز ٹی20 ورلڈ کپ کے گروپ مرحلے کے اپنے آخری میچ میں پاکستان نے نیدرلینڈز کو 37 رنز سے شکست دے کر ایونٹ کا اختتام فتح کے ساتھ کیا۔
برسٹل میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 126 رنز سکور کیے۔
اوپنر گل فیروزہ نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے ناقابل شکست 63 رنز بنائے، جس پر انہیں پلیئر آف دی میچ کا اعزاز بھی دیا گیا۔
127 رنز کے ہدف کے تعاقب میں نیدرلینڈز کی ٹیم پاکستانی بولرز کے سامنے زیادہ دیر نہ ٹھہر سکی اور پوری ٹیم 89 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔
قومی ٹیم کی جانب سے کپتان فاطمہ ثنا اور عائشہ ظفر نے عمدہ بولنگ کرتے ہوئے 3،3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی اور ٹیم کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا۔
اگرچہ پاکستان نے اپنے آخری میچ میں فتح حاصل کی، تاہم قومی ٹیم ٹورنامنٹ میں خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھا سکی اور 5 گروپ میچوں میں صرف ایک ہی کامیابی اپنے نام کر پائی۔
میچ کے اختتام پر قومی ویمنز ٹیم کی کپتان فاطمہ ثنا نے شائقین کرکٹ کا شکریہ ادا کرنے کے لیے سٹیڈیم میں موجود تماشائیوں میں شرٹس تقسیم کیں۔