ویمنز T20 ورلڈ کپ 2026: سری لنکا کی سکاٹ لینڈ کو 3 وکٹوں سے شکست
مانچیسٹر: (ویب ڈیسک) آئی سی سی ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں سری لنکا ویمن نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد سکاٹ لینڈ ویمن کو تین وکٹوں سے شکست دے دی۔
سری لنکن ٹیم نے ایک سو باون رنز کا ہدف آخری اوور کی پانچویں گیند پر حاصل کیا۔
میچ میں سکاٹ لینڈ ویمن نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ بیس اوورز میں چھ وکٹوں کے نقصان پر ایک سو اکیاون رنز بنائے، سارا برائس سینتالیس رنز بنا کر ناقابلِ شکست رہیں جبکہ ڈارسی کارٹر نے چونتیس اور کپتان کیتھرین برائس نے تئیس رنز کی اننگز کھیلی۔
جواب میں سری لنکا نے جارحانہ آغاز کیا اور کپتان چماری اتاپتو نے صرف سولہ گیندوں پر تینتیس رنز کی برق رفتار اننگز کھیل کر ٹیم کو مضبوط بنیاد فراہم کی، ہرشیتا سماراوکرما نے ستائیس جبکہ حسینی پریرا نے تئیس رنز بنائے۔
اختتامی اوورز میں نیلاکشیکا سلوا نے اکیس رنز کی ذمہ دارانہ ناقابلِ شکست اننگز کھیلتے ہوئے ٹیم کو ہدف تک پہنچایا، جبکہ سوگندھیکا کماری سات رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہیں۔
سری لنکا نے مطلوبہ ایک سو باون رنز انیس اعشاریہ پانچ اوورز میں سات وکٹوں کے نقصان پر مکمل کر لیے۔
سکاٹ لینڈ کی جانب سے کیتھرین فریزر، کیتھرین برائس اور راشل سلیٹر نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں، تاہم وہ اپنی ٹیم کو شکست سے نہ بچا سکیں۔