بی سی بی کے سابق صدر کی آئی سی سی کو فنڈز روکنے کی خبروں کی تردید

ڈھاکہ: (ویب ڈیسک) بنگلا دیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) کے سابق صدر امین الاسلام نے ان خبروں کی سختی سے تردید کی ہے جن میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ انہوں نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) سے بنگلا دیش کرکٹ بورڈ کی فنڈنگ روکنے کی درخواست کی ہے۔

امین الاسلام نے اپنے ویڈیو بیان میں کہا کہ انہوں نے آئی سی سی کو بی سی بی کے فنڈز روکنے کی درخواست کے حوالے سے خبر دیکھی جو مکمل جھوٹ ہے ، یہ کبھی ایسا ممکن نہیں، میری طرف سے ایسی کوئی درخواست نہیں کی گئی۔

انہوں نے کہا کہ مخصوص لوگ مجھے ڈسٹرب کرنے کے لیے کام کر رہے ہیں، وہ ہمیشہ ناکام ہوئے ہیں اور اس مرتبہ بھی ہوں گے۔

سابق صدر بی سی بی نے کہا کہ میں بنگلا دیش کو نقصان پہنچانے والی درخواست کبھی آئی سی سی کو نہیں کروں گا اور ویسے بھی آئی سی سی میری بات کیوں سنے گا اب تو میری آئی سی سی میں پہنچ بھی نہیں ہے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل بنگلا دیشی میڈیا کی جانب سے خبر سامنے آئی تھی کہ سابق صدر امین الاسلام بلبل نے بنگلا دیش کرکٹ کی فنڈنگ فریز کرنے کے لئے آئی سی سی کو خط لکھا ہے۔

بنگلا دیشی میڈیا کی رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا تھا کہ امین الاسلام بلبل نے آئی سی سی سے کہا ہے کہ انہیں صدر کے عہدے پر بحال کرایا جائے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں