قانونی نوٹس کے بعد مذہبی سکالر ناصر مدنی کی مومنہ اقبال سے معافی

لاہور: (ویب ڈیسک) قانونی نوٹس موصول ہونے کے بعد مذہبی سکالر ناصر مدنی نے اداکارہ مومنہ اقبال سے عوامی سطح پر معذرت کر لی۔

اپنے ویڈیو بیان میں ناصر مدنی نے کہا کہ اگر ان کی کسی بات سے مومنہ اقبال یا ان کے اہلِ خانہ کی دل آزاری ہوئی ہے تو وہ اس پر معذرت خواہ ہیں، کسی کی دل آزاری ان کا مقصد نہیں تھا، اس لیے وہ عوامی سطح پر معافی مانگتے ہیں۔

ناصر مدنی نے اپنے بیان میں تمام بیٹیوں سے بھی اپیل کی کہ وہ ایک دوسرے کے احترام اور حقوق کے لیے آواز بلند کریں، ہر پاکستانی بیٹی کی عزت اور وقار کا تحفظ ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے، کیونکہ بیٹیاں سب کی سانجھی ہوتی ہیں۔

واضح رہے کہ چند روز قبل ناصر مدنی کا اداکارہ مومنہ اقبال سے متعلق ایک بیان سوشل میڈیا پر وائرل ہوا تھا، جس کے بعد مومنہ اقبال نے قانونی کارروائی کا آغاز کیا، اس قانونی معاملے کی پیروی اداکارہ کی بہن رمشہ اقبال نے کی، جس کے بعد ناصر مدنی نے ویڈیو پیغام کے ذریعے معذرت کا اظہار کیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں