دفتر چھوڑیں، فیلڈ میں نکلیں، مریم نواز کا عید الاضحیٰ پر افسروں کیلئے سخت حکم

لاہور: (دنیا نیوز) دفتر چھوڑیں، فیلڈ میں آئیں! وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے عید الاضحیٰ پر افسران کو فرنٹ لائن پر رہنے کا سخت حکم دے دیا۔

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے عید انتظامات، سکیورٹی اور صفائی کے لئے طویل اجلاس میں گائیڈ لائنز جاری کر دیں۔

مریم نواز شریف کی زیرِ صدارت عید الاضحیٰ کی مناسبت سے ہائی لیول اجلاس ہوا جس میں تمام ڈی سیز اور ڈی پی اوز کو ٹاسک تفویض کر دیئے گئے، ڈی سی سے ڈی پی او تک سب کو ایک ہی حکم دیا گیا ہے کہ عید الاضحیٰ پر انتظامات بے مثال ہوں، کوئی کوتاہی قبول نہیں ہوگی۔

جانوروں کی باقیات اور آلائشیں گلی، محلے، ڈرین اور نہروں میں پھینکنے پر 50 ہزار روپے جرمانہ ہوگا، جانور صرف مقررہ کیٹل مارکیٹوں میں فروخت کرنے کی پابندی پر عملدرآمد کا حکم دیا گیا ہے۔

وزیراعلیٰ نے غیر مجاز علاقوں میں مویشیوں کی خرید و فروخت پر کارروائی کی ہدایت کی، کیٹل مارکیٹ اور بازاروں کی ڈیجیٹل مانیٹرنگ اور ویجی لنس آپریشن، کیٹل مارکیٹوں میں مویشی چوری اور ڈکیتی کے واقعات کے لئے سخت سکیورٹی انتظامات کا حکم دیا گیا ہے۔

افسروں کو ممنوعہ جماعتوں پر کھالیں اکٹھی کرنے کی پابندی یقینی بنانے، حساس مقاما ت پر سکیورٹی کے غیر معمولی انتظامات اور مسلسل کومبنگ آپریشن کا حکم دیا گیا، کھالیں جمع کرنے کے لئے کیمپ پر لاؤڈ سپیکر کے استعمال پر پابندی ہو گی۔

اسلحہ کی نمائش اور ہوائی فائرنگ پر پابندی یقینی بنانے، مساجد اور ا جتماعات میں لاؤڈ سپیکر کے استعمال پر پابندی، عید گاہوں اور مساجد کو عرق گلاب سے معطر کرنے کی ہدایت کی گئی، ریلوے کالونیز، کنٹونمنٹ ایریاز اور پرائیویٹ ہاؤسنگ سوسائٹیوں میں صفائی یقینی بنانے کا حکم دیا گیا۔

وزیراعلی مریم نوازشریف نے صفائی میں پہلے نمبر پر آنے پر انعام و اکرام کا اعلان کیا، انہوں نے بس سٹینڈز اور بسوں پر کرایہ نامے آویزاں کرنے کا حکم دیا اور واساز کو عید ایام میں واٹر سپلائی کی بلا تعطل فراہمی کی ہدایت کی۔

انہوں نے ایئرپورٹ کے قریب ڈمپنگ سائٹس ڈھانپنے، صوبہ بھر میں عارضی جھولوں پر پابندی، پارک کے جھولوں کی سکیورٹی اور سیفٹی چیک کرنے کی ہدایت دی، سوشل میڈیا پر نفرت انگیز مواد کے سدباب کے لئے سائبر پٹرولنگ کا حکم دیا۔

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی زیر صدارت اعلیٰ سطح ویڈیو لنک اجلاس میں تمام ڈی سی اور ڈی پی اوز نے شرکت کی، مریم نواز نے ڈی سی اور پولیس افسران کو احکام پر عملدرآمد یقینی بنانے کا حکم دیا اور عید ایس او پیز پر عملدرآمد نہ ہونے کی صورت میں کارروائی کی وارننگ دی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں