عطاء اللہ تارڑ سے بنگلہ دیشی سول سروس افسران کے وفد کی ملاقات
اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ سے پاکستان کے دورے پر آئے ہوئے بنگلہ دیش کے سینئر سول سروس افسران پر مشتمل وفد نے ملاقات کی۔
ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، گورننس، انتظامی اصلاحات اور ادارہ جاتی استعداد کار میں بہتری سمیت مختلف شعبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں موجود وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی نے پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان پیشہ ورانہ روابط اور ادارہ جاتی تعاون کے فروغ پر زور دیا۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے وفد کو پاکستان میں جاری اصلاحاتی اقدامات اور حکومتی پالیسیوں سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور بنگلہ دیش کی سول سروسز کے درمیان ایگزیکٹو ڈویلپمنٹ پروگرام حالیہ دہائیوں کی اہم پیش رفت ہے۔
انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک تاریخی روابط اور انتظامی و گورننس کے مشترکہ ورثے کے حامل ہیں، جبکہ پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان دوطرفہ تعلقات میں مثبت پیش رفت خوش آئند ہے، ایسے روابط باہمی اعتماد اور تعمیری تعاون کو مزید فروغ دیں گے۔
وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ پاکستان دوست ممالک کے ساتھ ادارہ جاتی تعاون اور تجربات کے تبادلے کو خصوصی اہمیت دیتا ہے، انہوں نے دونوں ممالک کے تربیتی و استعداد کار بڑھانے والے اداروں کے درمیان تعاون، فیکلٹی ایکسچینج، مشترکہ تحقیق اور تربیتی ماڈیولز کی تیاری کو مزید وسعت دینے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔
انہوں نے سول سروس اکیڈمی کی جانب سے پاکستان۔بنگلہ دیش نالج کوریڈور کے تحت پروگرام کے کامیاب انعقاد کو سراہا۔
بنگلہ دیشی سول سروس افسران کے وفد نے پاکستان کے انتظامی ڈھانچے اور مختلف شعبوں میں اصلاحاتی اقدامات میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا، ملاقات کو دوطرفہ روابط اور پیشہ ورانہ تجربات کے تبادلے کے حوالے سے مثبت اور تعمیری قرار دیا گیا۔
اس موقع پر طارق فاطمی نے کہا کہ پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان پیشہ ورانہ روابط اور ادارہ جاتی تعاون کا فروغ خطے میں ہم آہنگی اور باہمی افہام و تفہیم کے لیے انتہائی اہم ہے۔
بعد ازاں سول سروس اکیڈمی کے ڈائریکٹر سی ٹی پی سید شبیر اکبر زیدی نے وفد کو اکیڈمی کے اغراض و مقاصد، جدید تربیتی نظام، کورس ماڈیولز، مطالعاتی پروگرامز اور استعداد کار بڑھانے کے مختلف اقدامات پر جامع بریفنگ دی۔
وفد میں سلمیٰ صدیقہ مہتاب، محمد مصطفیٰ جمال حیدر، ابو ریحان میاح، فیروز احمد، محمد منیر الاسلام، توفیق امام، ریحان اختر، احتشام الحق، محمد شمس الحق، محمد عبدالسلام، ذی الرحمان اور ضیا احمد ثمن شامل تھے۔