مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی انتظامیہ کی بربریت اور سفاکیت عروج پر

سری نگر: (دنیا نیوز) مقبوضہ کشمیر میں متعصب بھارتی انتظامیہ کی وحشیانہ کارروائیاں شروع ہو گئی، مسلمانوں کے منظم استحصال کے تحت کئی گھروں کو مسمار کر دیا گیا۔

مقبوضہ جموں و کشمیر کے وزیر جنگلات جاوید رانا نے قابض بھارتی انتظامیہ کی کارروائی کو وحشیانہ، امتیازی اور متعصبانہ قرار دے دیا۔

بھارتی جریدہ دی ٹیلی گراف آن لائن کے مطابق مقبوضہ جموں و کشمیر میں قابض انتظامیہ نے مسلمانوں کے درجنوں گھروں کو بے دردی سے ملبے میں بدل دیا، قابض انتظامیہ نے مقبوضہ کشمیر میں60 کنال پر مشتمل 20 سے 30 گھروں کو جنگلات کی زمین قرار دے کر مسمار کیا۔

مقبوضہ کشمیر کے وزیر جنگلات جاوید رانا نے قابض بھارتی انتظامیہ پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر میں یہ مسلمان وراثتی زمینوں پر کئی دہائیوں سے رہائش پذیر ہیں جن کے گھروں کو بے دردی سے ملبے میں بدل دیا گیا ہے، قبائلی برادری کے گھروں کی مسماری کا مقصد ایک منظم اور ظالمانہ بے دخلی سے مسلمان کو خوفزدہ کرنا ہے۔

ماہرین کے مطابق مقبوضہ جموں و کشمیر میں قابض بھارتی انتظامیہ کی ظالمانہ کارروائیاں خوف کی فضا قائم رکھنے اورآبادیاتی توازن بدلنے کی سازش ہیں، قابض بھارت کے مقبوضہ کشمیر میں مسلمانوں پر بہیمانہ مظالم کی شرمناک تاریخ ہے جس پرعالمی برداری مزید خاموش نہیں رہ سکتی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں