پی آئی اے کا قبل از حج آپریشن 97 فیصد بروقت پروازوں کے ساتھ مکمل
کراچی: (دنیا نیوز) قومی ایئرلائن پی آئی اے کا قبل از حج آپریشن 21 مئی 2026 کو کامیابی کے ساتھ مکمل ہو گیا۔
ترجمان پی آئی اے کے مطابق رواں سال 210 پروازوں کے ذریعے 53 ہزار سے زائد عازمین حج کو حجازِ مقدس پہنچایا گیا۔
ترجمان کے مطابق پی آئی اے کی قبل از حج پروازوں کی کامیابی کی شرح 97 فیصد رہی، یعنی مجموعی طور پر 97 فیصد سے زائد پروازیں بروقت روانہ ہوئیں، جو مقررہ ہدف سے سات فیصد زیادہ ہے۔
پی آئی اے کی جانب سے حج آپریشن کے لیے اسلام آباد، کراچی، لاہور، ملتان، فیصل آباد، سیالکوٹ اور کوئٹہ سے براہِ راست پروازیں چلائی گئیں، جن کے ذریعے ہزاروں عازمین کو سعودی عرب پہنچایا گیا۔
ترجمان ظفر ہاشمی کے مطابق بعد از حج آپریشن کے لیے بھی تمام ضروری انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔ پی آئی اے کا بعد از حج آپریشن 30 مئی 2026 سے شروع ہوگا جبکہ اس کا اختتام 30 جون 2026 کو ہوگا۔